News Views Events

پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کر دی،قومی اسمبلی کی نشست بھی چھوڑنے کا مطالبہ

اپنے مؤقف میں شیر افضل مروت کا کہنا تھا ’میں پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں،لیکن ایک بات واضح کر دوں خان کا سپاہی تھاہوں اور رہوں گا، اپنی حیثیت میں لیڈر کی رہائی کی جو کوشش کر سکا کروں گا‘۔

0

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کی پارٹی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی۔
پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ شیر افضل مروت کو نوٹس بھیجا گیا تھا کہ وہ اپنے بیانات پر محتاط رہیں،ان کے بیانات، میڈیا سے گفتگو ،ٹویٹس سے متعلق ایک کمیٹی بنائی گئی تھی،
کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ شیر افضل مروت پارٹی کے ضوابط اور اصولوں کا احترام نہیں کرتے،
شیر افضل مروت خود کو پارٹی قوانین سے بالاتر سمجھتے ہیں، جس کے نتیجے میں پارٹی کی ساکھ اور بیانیے پر بُرا اثر پڑا۔
کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ اور ان کے حالیہ بیانات اور موصولہ شکایات کی بنا پر، کمیٹی نے ان کی رکنیت کی منسوخی کی سفارش کی ہے،
شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کی منظوری بانی چیئرمین نے دی ہے۔
جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کمیٹی سمجھتی ہے شیر افضل مروت باعزت انسان ہیں انہیں قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دینا چاہیے،
شیرافضل مروت نے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار کے طور پر نشست جیتی تھی انہیں الیکشن لڑنا چاہیے۔
رکنیت ختم ہونے کے بعد شیرافضل مروت کا موقف سامنے آگیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے بنیادی رکنیت ختم ہونے کے بعد سابق سینئر نائب صدر شیرافضل مروت کا موقف بھی سامنے آگیا۔
سماجی ربطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے مؤقف میں شیر افضل مروت کا کہنا تھا ’میں پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں،لیکن ایک بات واضح کر دوں خان کا سپاہی تھاہوں اور رہوں گا، اپنی حیثیت میں لیڈر کی رہائی کی جو کوشش کر سکا کروں گا‘۔
انہوں نے لکھا ’میرے قائد کے کانوں میں میرے خلاف زہر گھولا گیا ہے، غلط فہمیاں پیدا کی گئی ہیں،میں کوشش کروں گا لیڈر سے ملکر اپنا موقف انکے سامنے پیش کروں۔ میں انہیں مطمئن کرنے کی کوشش کروں گا اگر وہ مطمئن نہ ہوئے تو سیٹ انکی امانت ہے اسی وقت واپس لوٹا دونگا۔
ان کا کہنا تھا ’پارٹی کے اندر کسی لیڈر یا کارکن کی میرے کسی فعل سے دل آزاری ہوئی ہو تو تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔امید کرتا ہوں پارٹی رہنما میرے خلاف بیان بازی سے گریز کریں گے۔ میرے کوئی سیاسی عزائم نہیں لہذا اس فیصلے کا میرے مستقبل پر مثبت یا منفی اثر نہیں پڑے گا، لیکن مجھے افسوس رہے گا کہ مجھے باضابطہ سنے بغیر میرے خلاف یکطرفہ فیصلہ صادر کر دیا گیا‘۔
دوسری جانب چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، شیر افضل مروت کے حق میں کھڑے ہوگئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن واپس کروانے کا اعلان کردیا۔
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ کل عمران خان سے ملاقات کروں گا، ان کے سامنے ساری صورتحال رکھوں گا۔ مجھے نہیں معلوم کہ اس وقت کون ہدایات جاری کر رہا ہے اور کون فیصلے لے رہا ہے۔ میرے علم میں یہ بات نہیں لائی گئی کہ عمران خان نے اس قسم کی کوئی ہدایات جاری کی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کی رکنیت کیسے ختم کر دی گئی جب کسی کمیٹی نے ان کو بلایا تک نہیں، میں کل عمران خان سے ملاقات کروں گا اور اس نوٹیفیکیشن کو واپس کرواؤں گا۔ شیر افضل مروت ہماری پارٹی کے رکن ہیں اور عمران خان کے وفادار ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.