سائفر کیس: عمران خان نے فرد جرم کی کارروائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
اسلام آباد(نیوزڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کی کارروائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے وکیل حامد خان کے ذریعے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی جس میں سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ کی فردجرم کی کارروائی کو چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ درخواست گزارکو مخالفین کی جانب سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور سیاسی انتقام کا دائرہ درخواست گزارکی سیاسی جماعت اور اتحادیوں تک پھیلادیا گیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ اسلام آباد میں درخواست گزارکو نشانہ بنانے سے متعلق عدالت کو آگاہ کرنا ضروری ہے،درخواست گزارکے خلاف لگ بھگ 200 مقدمات بنائے گئے ہیں، ریاستی مشینری جعلی مقدمات بنانے کیلئے قابلِ اعتراض مقصد کے تحت استعمال کی جارہی ہے، درخواست گزارکے معاملے پر ایف آئی اے میں آزادی اورانصاف پسندی کی کمی نظرآتی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ درخواست گزارکے خلاف پورا ٹرائل غیرقانونی اور دائرہ اختیار سے تجاوز ہے لہٰذا عدالت اسپیشل کورٹ کا فرد جرم کا 23 اکتوبرکا حکم نامہ آئین و قانون کے خلاف قرار دے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا 26 اکتوبر کا حکم نامہ بھی کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی پر سائفر کیس میں فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔