News Views Events

پاکستانی سفارتخانہ، پیرس کا پاکستان کے یوم دفاع اور شہداء کی یاد میں خصوصی تقریب کا انعقاد

0

 

پیرس : پاکستانی سفارتخانہ، پیرس نے پاکستان کے یوم دفاع اور شہداء کی یاد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔

اس موقع پر اراکین پارلیمنٹ، سفیروں، دفاعی اتاشیوں، فرانسیسی مسلح افواج، خارجہ امور، دفاعی صنعت اور تھنک ٹینک کے نمائندوں نے شرکت کی۔اپنے استقبالیہ کلمات میں پاکستان کے سفیرِ عاصم افتخار احمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی پاکستان کے ساتھ دوستی اور تعاون کے تعلقات کا اظہار کرتی ہے

 

انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی مثالی بہادری، غیر متزلزل عزم، بے مثال قربانی اور دلیری کی یاد دلاتا ہے۔ تمام اقوام اپنے ہیروز کی عزت کرتی ہیں اور عام طور پر ایسی تقاریب ان مرد و خواتین کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں جو حق کی خاطر لڑتے ہیں اور اپنے وطن کا دفاع کرتے ہیں۔سفیر نے پاکستان کی مسلح افواج اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا لیکن آج ہم کسی بھی سطح اور پیمانے پر غیر ملکی جارحیت کے خلاف مؤثر دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لئے پاکستان کی خدمات بالخصوص اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔ سفیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان عالمی برادری کی انسداد دہشت گردی کی اجتماعی کوششوں میں بھی ایک اہم شراکت دار رہا ہے۔انہوں نے تنازعات اور عدم استحکام کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بات چیت، سفارت کاری، اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کے فوائد پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کے پُرامن حل کے لئے اقدامات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہیں۔ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام اور خطے کی مکمل ترقی کے لئے جموں و کشمیر تنازعے کا منصفانہ اور پُرامن حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ عالمی برادری کے ذمہ دار رکن جموں و کشمیر کے تنازعے کے پُرامن حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت مل سکے جو اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے انہیں وعدہ کیا تھا۔ اسی طرح پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ ان کے غیر قانونی قبضے کے خلاف اور حق خود ارادیت اور ریاست کے قیام کے لئے مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔پاک فرانس دو طرفہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے، جن میں طویل المدتی دفاعی تعلقات شامل ہیں، سفیر نے اس بات کی توثیق کی کہ پاکستان اس شراکت کو باہمی فائدے کے لئے مزید فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے شراکت داری کو فروغ دینے اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان اس اجتماعی کوشش میں اپنے تمام دوستوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.