News Views Events

کم عمر ترین آئی ٹی ماہر ارفع کریم رندھاواکی آج 12 ویں برسی

0

لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان کی کم عمر آئی ٹی ماہر ارفع کریم رندھاوا کی آج 12 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محض 9 برس کی عمر میں مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل امتحان پاس کر کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں تہلکہ مچا دینے والی ارفع کریم رندھاوا 2 فروری 1995ء کو ضلع فیصل آباد میں پیدا ہوئیں۔انہوں نے کم عمری میں ہی سافٹ وئیر سرٹیفکیٹ حاصل کر کے عالمی شہرت حاصل کی۔
ارفع کریم رندھاوا کو دنیا کے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو بل گیٹس نے ذاتی مہمان بنا کر امریکا آنے کی دعوت دی اور مائیکرو سافٹ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کروایا۔
ارفع کریم رندھاوا اس وقت دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بن چکی تھیں، انھیں کم عمری میں ہی پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔ارفع کریم کو 22 دسمبر 2011ء کو مرگی کا دورہ پڑا اور طبیعت زیادہ خراب ہونے پر لاہور کے سی ایم ایچ ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا جہاں وہ کومے کی حالت میں رہیں اور 14 جنوری 2012ء کو انتقال کر گئیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ آئی ٹی پروفیشنل ارفع کریم کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کی بیٹی ارفع کریم آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے، ارفع کریم نے کم عمری میں ملک وقوم کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی اس ہونہار بیٹی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں جو دیا جلایا وہ ہمیشہ روشن رہے گا، مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ آئی ٹی پروفیشنل ارفع کریم نئی نسل کیلئے عزم وہمت کی علامت ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ارفع کریم نے کم عمری میں اپنی خداداد صلاحیتوں کے ذریعے دنیا کو باور کرایا کہ پاکستانی بچے و بچیاں سائنس وٹیکنالوجی کے میدان میں کسی سے پیچھے نہیں۔
نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف اور اچھی خدمات کی فراہمی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر رہے ہیں، ارفع کریم ایک مشن کا نام ہے جو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیادہ استعمال سے منسلک ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.