پی ٹی آئی کا شیخ رشید کو بڑا جھٹکا،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے بڑا اعلان کردیا
اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے قومی اسمبلی کے 266 حلقوں میں سے 240 حلقوں پرامیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔
پی ٹی آئی نے ماضی کے اتحادی عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے مقابلے میں بھی امیدواوں کا اعلان کردیا ہے۔
پی ٹی آئی نے شیخ رشید کے مقابلے میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56 سے شہریار ریاض اور این اے 57 سے سیمابیہ طاہر کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
خیال رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے صدر پی ٹی آئی چودھری پرویز الٰہی اور چیئرمین بیرسٹر گوہر خان سے ملاقات کے دوران امیدوار نہ کھڑا کرنے کی درخواست کی تھی۔عمران خان نے شیخ رشید احمد کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا۔
شہریار ریاض اور سیمابیہ طاہر کون ہیں؟
شہریار ریاض نے 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے قبل وہ 2008 میں مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر راولپنڈی سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ 2013 کے انتخابات میں ن لیگ کا ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے وہ پارٹی سے دلبرداشتہ ہوئے اور 2018 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔
شہریار ریاض راولپنڈی یوسی ناظم بابو ریاض کے بیٹے ہیں، انہوں نے امریکا کی ٹیکساز یونیورسٹی سے بی بی اے اور سول انجینیئرنگ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ وہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے بھی رکن رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے سیاسی کیرئر کا آغاز 2002 میں کیا تھا لیکن کامیابی نہ حاصل کرسکے۔شیخ رشید احمد کے مقابلے میں این اے 57 سے سیمابیہ طاہر کو بھی میدان میں اتارا ہے ۔
سیمابیہ طاہر پاکستان تحریک انصاف کی دیرینہ کارکن ہیں۔ وہ اسلام آباد ویمن ونگ اور یوتھ ونگ کا حصہ رہی ہیں جبکہ 2018 میں وہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر پنجاب اسمبلی کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔
سیمبایہ طاہر اس وقت منظر عام پر آئی تھیں جب 2014 کے لاک ڈاؤن میں احتجاج کے دوران پولیس نے ان پر تشدد کیا تھا۔ سیمبایہ طاہر سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ جر حصہ لیتی رہی ہیں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کا قوم کے نام تاریخی پیغام pic.twitter.com/4sEm4ppDv6
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) January 13, 2024
دوسری جانب شیخ رشید نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ چالیس دن تک ایسی غاروں میں چلہ کاٹا کہ ایک شخص ،اس کی فیملی کے خلاف بیان جاری کروںاور 164کا بیان دوں۔انہوں نے کہا کہ میں نسلی اور اصلی تھا، میں ڈٹا رہا اور آج بھی ڈٹا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جو شخص 17مرتبہ وزیر رہا ہو اس کو بعض لوگوں نے ٹکٹ کے قابل نہیں سمجھااور اس کے مقابلے میں ایسے لوگوں کو ٹکٹ جاری کیا جو رات کی فلائیٹ میں لندن اور امریکا سے آئے ۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی دوستی نبھائوں گا، میں اصولی آدمی ہوں ،میں قوم سے یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ میں امتحان میں پاس ہوا، میں جھکا نہیں ، میں سچ کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا، آپ نے قلم دوات پر مہر لگا کر ان سب کو لوگوں بتانا ہے کہ یہ قوم زندہ ہے ۔ شیخ رشید پنڈی پر حرف نہیں آنے دے گا۔