News Views Events

چکوال کی بیٹی فوزیہ جنجوعہ امریکا میں ٹائون میئر منتخب

0

پاکستانی نژاد امریکی خاتون فوزیہ جنجوعہ نے امریکہ کی ریاست نیو جرسی کے ٹاؤن ماؤنٹ لارل سے میئر منتخب ہو کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ فوزیہ جنجوعہ کے والد ادریس جنجوعہ کا تعلق پنجاب کے ضلع چکوال سے ہے۔ نومنتخب میئر درس و تدریس کے شعبے سے بھی منسلک رہی ہیں۔
پاکستانی میئرفوزیہ جنجوعہ نے ہاتھ میں قرآن کریم اُٹھائے نیو جرسی کے قصبے ماؤنٹ لارل کے ٹاؤن شپ ہال میں اپنے شوہر اور چار بیٹوں کے ساتھ تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ نیوجرسی سٹیٹ کی خاتون رُکنِ اسمبلی و امیدوار برائے کانگریس کیرول مرفی نے فوزیہ جنجوعہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فوزیہ جنجوعہ نے اپنے نئے منصب کی حلف برداری کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے تاریخ کی پہلی پاکستانی اور مسلمان خاتون کے طور پر میئر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور یہ مجھ سمیت ہم سب پاکستانیوں کے لیے فخر کی بات ہے۔
پاکستانی فوزیہ جنجوعہ نے بتایا کہ میرے والد کا تعلق چکوال اور والدہ لاہور سے ہیں، میرے والد 70 کی دہائی میں امریکہ آئے تھے اور میری پیدائش امریکہ میں ہی ہوئی، امریکہ سے تعلیم حاصل کی اور کمیونٹی سروس کرنا میرا شوق رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں یہاں غریب و نادار بچوں سمیت قیدیوں کو پڑھاتی رہی ہوں، میرا شوق تھا کہ میں لوگوں کی مدد کر کے ان کی زندگیاں آسان بناؤں، میں نے ایک غیرسرکاری تنظیم بھی قائم کی جس کے تحت کمیونٹی سروس میں فعال کردار ادا کرتی رہی ہوں۔
فوزیہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ اگرچہ تعلیم کے دوران اور اس کے بعد بھی رفاہ عامہ کے کاموں میں مصروف رہی مگر سیاست میں آنے کا کبھی نہیں سوچا تھا، 46 ہزار افردا پر مشتمل آبادی کے اس شہر میں سیاست کے بجائے پس پردہ رہتے ہوئے فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کو ترجیح دیتی تھیں۔
انہوں نے اپنے سیاسی سفر کے حوالے سے بتایا کہ ہماری ریاست کے گورنر کے ہاں ایک پارٹی ہو رہی تھی جہاں میری ملاقات ایک خاتون سے ہوئی، مجھے اُس خاتون نے بتایا کہ آپ میں صلاحیت ہے اور آپ اس شہر کی قیادت کر سکتی ہیں۔ ’خاتون نے یہ بھی کہا کہ لارل ٹاؤن برلنگٹن کاؤنٹی کا دوسرا بڑا ٹاؤن مانا جاتا ہے۔ یہ ٹاؤن شپ کا اقتدار 36 برسوں سے ریپبلکن پارٹی کے پاس رہا ہے جبکہ آپ ڈیموکریٹ ہیں۔
فوزیہ جنوعہ نے بتایا کہ مجھے بار بار کہا گیا کہ میں سیاست میں آؤں تو میں نے حامی بھر لی۔ ہم نے کورونا وبا کے دوران انتخابی مہم چلائی اور میں منتخب ہوگئی، 36 برسوں بعد پہلی بار کوئی ڈیموکریٹ رُکن اس کاؤنٹی کی کونسل میں شامل ہوا تھا اور میں تاریخ میں پہلی بار پاکستان خاتون تھی جس نے یہ اعزاز اپنے نام کیا جس کے بعد میں ٹاؤن کی پہلی خاتون اور پاکستانی نژاد ڈپٹی میئر بھی بنی

Leave A Reply

Your email address will not be published.