پنجاب بھر کے اسکولز میں مزید 7روز کی تعطیلات کا اعلان
پنجاب میں نمونیہ کے کیسز بڑھنے پر صوبائی حکومت نے کلاس ون سے نیچے نرسری و پلے گروپ کی کلاسز کے لیے 7 روز کی مزیدتعطیلات کا اعلان کر دیا۔
پنجاب بھر کے اسکولوں میں 31 جنوری تک صبح کی اسمبلی پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بچوں میں نموینہ کے کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ہدایت دی ہے کہ بچے ماسک کا استعمال کریں اور ہاتھ دھوئیں، گرم کپڑوں کا استعمال کیا جائے۔
پنجاب میں یکم جنوری سے 36 بچے نموینہ سے جاں بحق ہوچکے ہیں اور چلڈرن اسپتال میں 10 میں سے 8 بچے نموینہ کے مریض ہیں۔ سردی میں اضافے کے ساتھ وائرل نموینہ خصوصاً بچوں میں مرض بڑھ رہا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب میں 22 دن کی موسم سرما کی تعطیلات کا اختتام ہوگیا ہے اور آج سے تمام سرکاری و نجی اسکولز میں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوگئیں۔