چین ٹیرف میں کمی کو فروغ دیتے ہوئے علاقائی اقتصادی ترقی میں مثبت کردار ادا کرتا ہے،وزارت خارجہ
بیجنگ (نیوزڈیسک)چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے یومیہ پریس کانفرنس میں علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے یعنی آر سی ای پی کے نفاذ کی دوسری سالگرہ کے حوالے سے کہا کہ آر سی ای پی علاقائی انضمام میں ایک سنگ میل ہے اور خطے کے ممالک کے درمیان ترقیاتی مواقعوں کے اشتراک کی ایک روشن مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ آر سی ای پی کے نفاذ کے بعد دو سالوں میں ، علاقائی تجارتی لاگت بہت کم ہوئی ہے اور صنعتی اور سپلائی چین زیادہ قریب ہوئی ہیں جس سے شرکاء کو ٹھوس فوائد حاصل ہوئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ آر سی ای پی میں سب سے بڑی معیشت کی حیثیت سے ، چین نے ہمیشہ کھلی ترقی کے تصور پر عمل کیا ہے اور آر سی ای پی کے اعلی معیار کے نفاذ کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے غیر آسیان ممالک میں معاہدے کی توثیق مکمل کرنے میں پیش قدمی کی، مارکیٹ کھولنے کے وعدے پر مکمل عمل درآمد کیا، ٹیرف میں کمی کو فروغ دیا اور علاقائی تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی میں مثبت کردار ادا کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کی مصنوعات کم تجارتی لاگت اور زیادہ آسان کسٹم کلیئرنس شرائط کے ساتھ چین میں داخل ہوئیں ۔