داعش نے ایران میں کرمان بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی
تہران(نیوزڈیسک) ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کی اطلاع کے مطابق اانتہا پسند تنظیم داعش نے ایران میں کرمان بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ ایک بیان میں داعش نے کہا کہ دو خودکش حملہ آوروں نے کرمان شہر میں دھماکے کیے ۔
مقامی وقت کے مطابق چار جنوری کو گلف کوآپریشن کونسل کے سیکریٹری جنرل نے ایران کے شہر کرمان میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے جس میں بڑی تعداد میں شہری ہلاکتیں ہوئیں۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ایران کے شہر کرمان میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کی ۔ اسلامی تعاون تنظیم نے ایرانی حکومت، عوام اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا مانگی اور اس حوالے سے ایران کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ۔
ایرانی شہر کرمان میں بم دھماکوں کے بعد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اردن اور روس سمیت دیگر کئی ممالک نے بم دھماکوں کی شدید مذمت کی اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایرانی صدر رئیسی کو تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کا قتل ظالمانہ، بے رحم اور ہولناک ہے اور روس ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔