ایتھوپیا کی سمندر تک رسائی علاقائی یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے اہم ہے: سفیر جمال بیکر عبد ﷲ
ایتھوپیا کی سمندر تک رسائی علاقائی یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے اہم ہے: سفیر جمال بیکر عبد ﷲ
اسلام آباد (نیوز ڈیسک)
اسلامی جمہوریہ پاکستان میں وفاقی جمہوری جمہوریہ ایتھوپیا کے سفیر نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ایتھوپیا کی حکومت نے سمندر تک رسائی حاصل کر کے اپنے عوام کی امنگوں کو پورا کیا ہے جو کہ علاقائی یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
سفیر جمال بیکر نے کہا کہ سمندری رسائی کے لیے صومالی لینڈ کی حکومت کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط علاقائی انضمام، اجتماعی امن، سلامتی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے حکومت ایتھوپیا کے مضبوط عزم کا حقیقی عکاس ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس پیش رفت کا سہرا ڈاکٹر ابی احمد، ایتھوپیا کے وزیر اعظم کو جاتا ہے جنہوں نے امن اور خوشحالی کے لیے اپنے مضبوط عزم کے لیے پہلے ہی امن کا نوبل انعام جیتا ہے۔
ایتھوپیا کے سفیر نے ریمارکس دیئے کہ وزیر اعظم ابی احمد کا نہ صرف ایتھوپیا کی ترقی بلکہ پورے افریقہ اور دنیا کے لیے ایک واضح وژن تھا۔
سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ایتھوپیا پہلے ہی برادر ممالک کے ساتھ مضبوط روابط کو فروغ دینے کے لیے افریقہ کے پڑوسی ممالک کے ساتھ اپنے وسائل کا اشتراک کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال، ایتھوپیا جبوتی، کینیا اور سوڈان کو توانائی برآمد کر رہا ہے اور بڑے پیمانے پر علاقائی انضمام اور ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔
سفیر کا بتانا تھا کہ گرینڈ ایتھوپیا رینیسنس ڈیم پر کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے جو نہ صرف 5,150 میگا واٹ سے زیادہ بجلی پیدا کرے گا بلکہ علاقائی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے حکومت ایتھوپیا کی کوششوں میں بھی اضافہ کرے گا۔
سفیر جمال بیکر نے صومالی لینڈ کے صدر موسیٰ بیہی عبدی کا سمندر تک رسائی کے لیے ایتھوپیا کی جدوجہد کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔