غزہ میں 6 لاکھ سے زائد طلباء اسکول جانے سے قاصر ہیں، فلسطینی وزارت تعلیم
غزہ(نیوزڈیسک)غزہ کی پٹی کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، اسرائیل کی طرف سےشروع کی گئی فوجی کارروائیوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 156 فلسطینی ہلاک اور 246 زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطین-اسرائیل تنازع کا حالیہ دور شروع ہونے کے بعد سے اب تک غزہ کی پٹی میں کم از کم 21978 فلسطینی ہلاک جب کہ 56697 زخمی ہو چکے ہیں۔
ٹائمز آف اسرائیل نے یکم جنوری کو اسرائیلی سدرن کمانڈ کے کمانڈر ،یارون فنکلمین کے حوالے سے خبر دی کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی لڑائی "مختلف طریقوں سے، مختلف شدتوں اور مختلف صورتوں میں جاری رہے گی۔”
الجزیرہ کی یکم جنوری کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت تعلیم کے ترجمان صادق حادر نے کہا کہ اس وقت غزہ کی پٹی میں 625000 طلباء اسکول جانے سے قاصر ہیں۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق ، دسمبر 2023 کے وسط تک، غزہ کی پٹی میں 352 اسکولوں کی عمارات کو نقصان پہنچا ہے، جو کہ مقامی اسکولوں کی تعداد کے 70 فیصد سے زیادہ ہے۔