افغانستان کی سرزمین دوسرے ممالک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے لئے استعمال نہیں کی جائے گی،افغان قائم مقام وزیر دفاع
مقامی وقت کے مطابق 31 دسمبر 2023 کو افغان عبوری حکومت کے قائم مقام وزیر دفاع محمد یعقوب مجاہد نے ایک پریس کانفرنس میں اس بات کا اعادہ کیا کہ افغانستان کی سرزمین دوسرے ممالک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے لیے استعمال نہیں کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان عبوری حکومت نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ دوحہ امن معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی ۔ ہم اپنے اس عزم پر قائم ہیں کہ ہم کسی کو بھی افغانوں کو دوسروں کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پریس کانفرنس میں وزیر دفاع نے سماجی نظم و نسق کے انتظام اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے گزشتہ ایک سال کے دوران افغان عبوری حکومت کی کامیابیوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت نے انسداد منشیات میں بڑی پیش رفت کی ہے۔ گزشتہ سال کے دوران منشیات بنانے والی 834 فیکٹریوں اور 4472 ٹن منشیات کو تباہ کیا گیا، اس حوالے سے8200 سے زائد مشتبہ منشیات اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا اور تقریبا 14000 ہیکٹر افیون کے کھیتوں کو صاف کیا گیا ہے۔