الیکشن سے فرار کی کوشش کرنے والوں کی سازشیں دم توڑ گئیں، چوہدری شجاعت
لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جو لوگ الیکشن سے فرار کی کوشش کر رہے تھے ان کی سازشیں دم توڑ گئیں، عوام کو روایتی سیاستدانوں کے بجائے شعور کو ووٹ دینا ہوگا۔
مسلم لیگ ق سندھ کے صدر طارق حسن اور دیگر رہنماؤں نے پارٹی صدر چوہدری شجاعت سے لاہور میں ملاقات کی، جس میں سندھ میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدواروں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے الیکشن سے فرار کی تمام سازشیں دم توڑ گئیں، ملک کا سیاسی و معاشی مستقبل عام انتخابات سے وابستہ ہے، اور اس کے لئے آزادانہ، منصفانہ اور قابل اعتماد انتخابات انتہائی ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو حصہ لینے کے یکساں مواقع ملنے چاہیے، پاکستان مسلم لیگ بھی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، اور ہر میدان میں عوام کی نمائندہ جماعت بن کر ترجمانی کرے گی۔
سربراہ ق لیگ نے کہا کہ عوام کو اپنے مستقبل کے لئے آج ہی فیصلہ کرنا ہوگا اور روایتی سیاست دانوں کے بجائے شعور کو ووٹ دینا ہو گا۔