News Views Events

ماحول دوست، کم خرچ الیکٹرک بائیکس اب قسطوں میں بھی دستیاب ہوں گی

0

اسلام آباد(نیوزڈیسک)ماحول دوست اور کم خرچ الیکٹرک بائیکس اب صارفین کو اقساط میں بھی دستیاب ہوں گی۔ اس حوالے سے پاک زون الیکٹرک موٹرز (پرائیویٹ) لمیٹداور فیصل بینک کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔معاہدے کے تحت پہلی بار ڈائون پے منٹ کی ادائیگی کے بغیر صارفین اپنے نام پر تین ماہ کی اقساط میں بائیک حاصل کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ ایک سال،دوسال اور تین سال کے پلانز کے تحت بھی آسان اقساط میں بائیکس حاصل کرنے کی سہولت دستیاب ہو گی۔

معاہدے پر پاک زون الیکٹرک موٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمدامجد اور فیصل بینک کے ہیڈ آف کنزیومر فنانس انیق ملک نے دستخط کئے۔ اس موقع پر پاک زون الیکٹرک موٹرز کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہزیب امجد اور فیصل بینک کے ہیڈ آف ان سیکیورڈ بزنس اینڈ کارڈز فیروز خان بھی موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمدامجد نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے بجلی پر چلنے والی گاڑیوں کے رجحان کو فروغ دینا ہو گا۔ پٹرول کی بجائے بجلی سے چلنے والی بائیکس کا استعمال کر کے ہم ملک سے فضائی آلودگی میں کمی لاسکتے ہیں۔ انیق ملک نے ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینے کے لئے فیصل بینک کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فیصل بینک پاکستان کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے کی مہم میں انتھک محنت کررہا ہے۔ ماحول کو صاف رکھنے والے ذرائع نقل و حمل کی اشد ضرورت ہے۔ ایندھن سے بڑھتے ہوئے اخراج کی وجہ سے آلودگی خطرناک حد تک پہنچنے کی وجہ سے بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کاروباری شراکت صارفین کے ساتھ ہماری وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ فیصل بینک میں ہم صارفین کو جدید مصنوعات پیش کر کے ان کے ساتھ تعلق مضبوط بنانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر پاک زون الیکٹرک موٹرز کی طرف سے محمد علی شیروانی، میاں نعیم اورذیشان منصور جبکہ فیصل بینک کی طرف سےراحیل سیانی، حارث شاکر، عمران امتیاز اور افشین بھی موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.