ابوظہبی ٹی 10: ٹیم ابوظبی اپنا چھٹا میچ بھی ہارگئی
نیویارک اسٹرائیکرز کے اوپنر رحمان اللہ گرباز کی 41 رنز کی اننگز اور سنیل نارائن کے 16 رنز کے عوض 2 وکٹوں کے اسپیل کی بدولت ٹیم ابوظبی 22 ویں میچ میں 24 رنز سے ہارگئی ۔ ٹیم ابوظبی کی یہ 6 میچز میں چھٹی شکست تھی۔ ٹیم ابوظبی نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا تاہم گرباز نے 26 گیندوں پر 8 چوکے لگا کر 41 رنز بنائے اور محمد وسیم (23) کے ساتھ 5.4 اوورز میں 62 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی۔نور احمد نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 23 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں اور اسٹرائیکرز مقررہ 10 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے۔ ٹیم ابوظبی کے بلے باز ایک بار پھر چیلنج قبول کرنے میں ناکام رہے۔ آصف خان نے 20 گیندوں پر 4 چھکے اور 2 چوکے لگا کر 39 رنز بنائے اور اوپنر کائل میئرز (22) کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔ سنیل نارائن نے 16 رنز دیکر دو وکٹیں حاصل کیں۔ رحمان اللہ گرباز کھیل کے بہترین کھلاڑی قرارپائے نیو یارک اسٹرائیکرز اس فتح کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پرآ گیا ۔