حوثیوں نے بحیرہ احمرسے اسرائیلی مال بردار جہاز اغوا کر لیا
اسرائیل نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں نے مال بردار جہاز کو جنوبی بحیرہ احمر سے اغوا کر لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے کہا ہے کہ ایک جہاز کو ضبط کر لیا گیا ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ یہ جہاز اسرائیل کی ملکیت نہیں اور نہ ہی وہ اس کے آپریشن میں شامل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز میں یوکرین، بلغاریہ، فلپائن اور میکسیکو کے 25 ارکان پر مشتمل عملہ تھا، ان میں کوئی اسرائیلی نہیں تھا۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بحری جہاز پر قبضہ بحیرہ احمر میں ہوا۔
اسرائیلی فوج کا بیان میں کہنا تھا کہ اغوا ہونے والے جہاز اسرائیل کی ملکیت نہیں اور نہ ہی اس کے عملے میں کوئی اسرائیلی شہری شامل ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ جہاز ترکیہ سے بھارت جا رہا تھا۔
قبل ازیں اتوار کو ایک حوثی ترجمان یحییٰ سریا نے کہا تھا کہ وہ اسرائیل کی زیرملکیت یا اسرائیلی کمپنیوں کی جانب سے چلائی جانے والی جہازوں کو ٹارگٹ کریں گے۔ یحییٰ سریا نے تمام ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ اسرائیلی جہازوں یا اسرائیلی کمپنیوں کی جانب سے چلائی جانے والی جہازوں کے عملے سے اپنے شہریوں کو واپس بلائیں۔