سلمان خان اور کترینہ کیف کی ایکشن فلم ٹائیگر 3ریلیز
ممبئی(نیوزڈیسک)بالی ووڈ سُپر اسٹار سلمان خان اور کٹرینہ کیف کی سب سے زیادہ منتظر جاسوس تھرلر ایکشن فلم “ٹائیگر 3اب بڑے پردے پر ریلیز کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم “ٹائیگر 3کو آج دیوالی کے موقع پر ریلیز کردیا گیا ہے، فلم کو تین زبانوں ہندی، تامل اور تیلگو میں ریلیز کیا گیا ہے۔
فلم میں جہاں سلمان خان نے جاسوس ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے تو وہیں کترینہ کیف بھی زویا نامی جاسوس کے کردار میں نظر آئیں جبکہ عمران ہاشمی نے فلم میں وِلن کا کردار نبھایا ہے۔
تھرلر ایکشن فلم “ٹائیگر 3میں ناصرف سلمان خان بلکہ شاہ رخ خان اور ہریتھک روشن بھی نظر آئے، ان دونوں اسٹارز کو فلم میں مختصر کردار کے لیے شامل کیا گیا۔
فلم کی دیوالی پر ریلیز کے بارے میں سلمان خان نے کہا کہ “دیوالی کے دن فلم کا ریلیز ہونا ہمیشہ ہی خاص ہوتا ہے، میں نے اور کترینہ کیف نے ایسی فلمیں کی ہیں جنہیں بہت سے لوگوں نے پسند کیا ہے، لہٰذا، دیوالی کے موقع پر مداحوں کو “ٹائیگر 3کا تحفہ دے کر ہمیں بہت خوشی ہورہی ہے”۔
سلمان خان نے کہا کہ “میرے لیے دیوالی ہمیشہ سے ہی وہ تہوار رہا ہے جو خاندانوں کو اکٹھا کرتا ہے لہٰذا میں بھی اس دیوالی پر اپنے پورے خاندان کے ساتھ “ٹائیگر 3دیکھوں گا”۔
دوسری جانب کترینہ کیف نے کہا کہ “یہ دیوالی بہت خاص ہے کیونکہ یہ میری فلم “ٹائیگر 3کی ریلیز کا دن ہے اور سلمان خان کے ساتھ یہ میری پہلی فلم ہے جو دیوالی پر ریلیز ہوئی ہے، مجھے اُمید ہے کہ یہ مداحوں کے لیے دیوالی کا شاندار تحفہ ثابت ہوگا”۔
واضح رہے کہ ٹائیگر فرنچائز کی یہ تیسری فلم ہے اور اس سے قبل 2012 میں ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ ریلیز کی جاچکی ہے۔
یش راج فلم کی اسپائے یونیورس بالی وڈ کی بلاک بسٹر سیریز بن چکی ہے جس میں ہریتھک روشن کی ’وار‘ اور شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘ ہندی سینما میں دھوم مچا چکی ہے۔