News Views Events

پاکستان ہندو کونسل نے دیوالی کو غزہ کشیدگی کے خاتمے اور فوری جنگ بندی سے منسوب کردیا

0

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان ہندو کونسل نے روشنیوں کے تہوار دیوالی کو غزہ میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور فوری جنگ بندی سے منسوب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان میں بسنے والی ہندو کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے اس حوالے سے جاری ویڈیو بیان میں پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والی امن پسند ہندو کمیونٹی کو دیوالی کی ایڈوانس مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دیوالی کا تہوار ہندو دھرم میں بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے،ہندو کیلنڈر میں دیوالی نئے سال کا روشنیوں سے استقبال کا نام ہے، یہ دن اندھیروں کے خلاف روشنی کی جیت کا دن ہے، دیوالی امن و شانتی کا پیغام ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہندو کونسل کے زیر اہتمام کے ملک کے مختلف علاقوں میں دیوالی کے تہوار کو روائتی انداز میں منانے کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،

پاکستان ہندو کونسل کے سیکرٹریٹ میں ڈاکٹر رمیش کمار کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا، شرکاء کا کہنا تھا کہ حالیہ تنازع کے نتیجے میں ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر ہولناک تباہی کے دلخراش مناظر نے انسانیت کا درد رکھنے والے ہر شخص کو غمگین کردیا ہے، انہوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ رواں برس پاکستان سمیت دنیا بھر میں دیوالی کی خصوصی پوجا کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں معصوم لوگوں کے جان و مال کی حفاظت اور خطے میں فوری جنگ بندی کیلئے پراتھنا کی جائے، ملکی اور بین الاقوامی مندروں اور دیگر مقامات پر منعقدہ دیوالی تقریبات کے دوران انسانی جان کی حرمت اور امن کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جائے، ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ طاقت کا بہیمانہ استعمال مشرقِ وسطیٰ کے دیرینہ ایشو کے دیرپا حل کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یروشلم کی مقدس سرزمین کے باسیوں کو لہولہان کرنا عذابِ الٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے، پاکستان ہندو کونسل نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے انسانی ہمدردیوں کی بنیاد پر فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا کو جنگ کی ہولناک تباہکاریوں سے بچانے کی ضرورت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.