News Views Events

سی پیک سے پاکستان معاشی سرگرمیوں کا علاقائی مرکز بن گیا: احسن اقبال

0

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل وسابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک سے پاکستان معاشی سرگرمیوں کا علاقائی مرکز بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آرآئی) کے ثمرات سے متعلق موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ پاکستان کیلئے لائف لائن بن چکا ہے، چینی صدر شی جن پنگ کا تصور دنیا کے بین الاقوامی تعلقات میں بڑی تبدیلی لایا ہے، سرحدوں کی قید سے ماورا وژن لوگوں کو انفراسٹرکچر کے جال کے ذریعے جوڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین کی جنگ ختم نہیں ہوئی اور فلسطین میں جنگ بھڑک اٹھی ہے، اسرائیل مغرب کی غیر مشروط حمایت سے فلسطین پر ظلم وبربریت کر رہا ہے، غزہ بچوں کا قبرستان بن گیا ہے، نسل کشی کا نشانہ بننے والوں کے حق میں آواز اٹھانے پر چین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ عالمی تعاون اور اشتراک عمل کی حیران کن مثال بن چکا ہے، بی آر آئی میں دنیا کے مشکل مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، سی پیک سے پاکستان معاشی سرگرمیوں کا علاقائی مرکز بن گیا ہے، بی آر آئی کے نشان ساؤتھ ایسٹ ایشیا، ساؤتھ ایشیا اور سینٹرل ایشیا تک پھیل چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایشیا، یورپ اور افریقہ کو جوڑنے کا ذریعہ یہ منصوبہ عالمی معیشت کیلئے نہایت اہم ہے، سیاسی جماعتیں عوام کیلئے فیصلہ سازی کرتی ہیں، سیاسی جماعتوں میں تعاون مستقبل کی صورت گری میں نہایت اہم ہے، دنیا کو آج سب سے بڑھ کر تعاون کی راہ اپنانے کی ضرورت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.