نگران وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
تاشقند(نیوزڈیسک)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 16 ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیر اعظم کاکڑ اور صدر علیئیف نے اسلامو فوبیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر مشترکہ چیلنجز، علاقائی تعاون اور اجتماعی خوشحالی کو فروغ دینے کیلئے ای سی او کے اہم کردار پر تبادلہء خیال کیا۔
وزیراعظم نے آذربائیجان ایئر لائن کے پاکستان کیلئے براہ راست فلائٹ آپریشن کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور اسے کاروبار، سیاحت اور لوگوں کے درمیان تبادلوں کو بڑھانے کیلئے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی بحران اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم کاکڑ نے آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت بالخصوص قرہ باغ کے حوالے سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
Constructive interaction with President @presidentaz of Azerbaijan on sidelines of #ECOSummit2023. Our trade, defence, and energy ties are growing. The launch of direct AZAL flights will bolster our connectivity. Together, we address global issues like Islamophobia and climate… pic.twitter.com/0yFsz7qjEd
— Anwaar ul Haq Kakar (@anwaar_kakar) November 9, 2023