گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 ہزار غیر ملکی اپنے وطن واپس لوٹ گئے
خیبر(نیوزڈیسک) گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 ہزار غیر ملکی طورخم کے راستے وطن واپس لوٹ گئے۔
افغان کمشنریٹ کے مطابق ہولڈنگ سینٹر میں نادرا عملے نے افغانستان واپس جانے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا۔
افغان کمشنریٹ نے بتایا کہ یکم اکتوبر سے اب تک ایک لاکھ 56 ہزار افغان شہری افغانستان جاچکے ہیں جب کہ جمعہ کو طورخم بارڈر سے 12 ہزار 689 غیرقانونی مقیم افراد افغانستان واپس گئے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک چھوڑنے کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی تھی جس کے بعد سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے۔
غیر قانونی طور پرپاکستان میں رہنے والوں کو حراست میں لیکر ملک کے مختلف شہروں میں قائم ہولڈنگ پوائنٹس میں رکھا جا رہا ہے۔
ادھر افغان وزیراعظم نے کہا ہے کہ افغانوں کو واپسی کے لیے مناسب وقت دیا جائے، مل بیٹھ کر مذاکرات سے مسئلہ افہام و تفہیم سے حل کریں گے۔