News Views Events

نیپال میں 6.4 شدت کا زلزلہ: 128 سے زائد افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی

0

کھٹمنڈو(نیوزڈیسک)نیپال میں رات گئے آنے والے زلزلے میں قریباً 128 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ ملبے تلے دبنے سے سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 6.4 کی شدت کا زلزلہ نیپال کے ضلع جاجرکوٹ کے علاقے لامی ڈنڈا میں گزشتہ شب آیا، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق اس کی گہرائی 18 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی تک محسوس کیے گئے۔
نیپالی وزارت داخلہ کے ترجمان نارائن پرساد بھٹارائی نے کہا کہ زلزلے کی وجہ سے 2 اضلاع میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ نیپالی وزیر اعظم پشپا کمال نے زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ 2015 میں نیپال میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں قریباً 9 ہزار افراد ہلاک اور 22 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے جبکہ 5 لاکھ سے زائد گھر تباہ ہو گئے تھے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نیپال میں زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
نگران وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں لکھا کہ ہماری ہمدردیاں گزشتہ رات نیپال میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کے ساتھ ہیں، زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کا نقصان ہوا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان نیپال کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.