شیخ رشید احمد چلہ کے بعد تبلیغی اجتماع میں پہنچ گئے
اسلام آباد(نیوزڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لئے پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے گزشتہ ہفتے لال حویلی سے متعلق کیس کا فیصلہ آنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ عدالتی حکم کے بعد لال حویلی کو ڈی سیل تو کر دیا گیا ہے تاہم، میں اپنی رہائش گاہ جانے سے پہلے تبلیغی اجتماع میں شرکت کروں گا۔
جمعہ کو ، سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر شیخ رشید احمد کے ویریفائڈ اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں انہیں تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شریک ہوتے دیکھا گیا۔
ایکس پر جاری کردہ ویڈیو کے کیپشن میں تحریر کیا گیا کہ ’’ سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت ‘‘۔
ویڈیو میں شیخ رشید احمد کو اجتماع کے دیگر شرکاء کے ساتھ چلتے دیکھا گیا جبکہ اس موقع پر انہوں نے سر پر سفید رنگ کی ٹوپی بھی پہن رکھی تھی۔
اجتماع میں شرکت کے موقع پر وہاں موجود شرکاء کی جانب سے سابق وفاقی وزیر کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائی گئیں۔
یاد رہے کہ شیخ رشید احمد گزشتہ ماہ چند روز غائب رہنے کے بعد اچانک نجی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئے تھے اور انہوں نے اپنے غائب رہنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ’’ 40 روزہ چلے ‘‘ پر گئے تھے۔