News Views Events

یو ایس لائبریری آف کانگریس کی جانب سے پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن کے لئے ایوارڈ

0

واشنگٹن ڈی سی،
لائبریری آف کانگریس یو ایس اے نے پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (پی اے جی ای) کو تعلیمی پروگراموں پر عمل درآمد کے حوالے سے کامیاب طریقہ کار کے ضمن میں 2023 لٹریسی ایوارڈ پروگرام میں کامیاب پریکٹسز کے اعزاز سے نوازا ہے۔
پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن ملک میں تعلیم، روزگار، حقوق نسواں اور قیادت کے حوالے سے صنفی مساوات کے ضمن میں سازگار ماحول کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔ 2014 میں قائم ہونے والی یہ تنظیم بچیوں کو معیاری تعلیم اور قیادت کے مواقعوں تک رسائی کے ذریعے سے ان کو بااختیار بنانے کے لئے کوشاں ہے۔
امریکہ میں سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فجر پاشا کو مبارکباد دی جنہوں نے آج سفارت خانے میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے پی اے جی ای کی پوری ٹیم کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کوششوں کو پاکستان میں بڑھتی ہوئی خواندگی میں ایک اہم شراکت قرار دیا۔
سفیر پاکستان سے بات چیت کرتے ہوئے فجر پاشا نے کہا کہ پی اے جی ای کو لائبری آف کانگریس کی جانب سے ان پندرہ اداروں میں شامل کیا جانا کہ جنہوں نے تعلیمی پروگراموں پر عمل درآمد کے لئے کامیاب طریقہ کار اختیار کیا ہے یہ ایک بڑا اعزاز ہے۔ اس سے نہ صرف تنظیم کی اپنے مقصد سے لگن ظاہر ہوتی ہے بلکہ یہ تعلیم کے حوالے سے حکومتی اور پاکستانی قوم کی جانب سے فراہم کردہ سپورٹ کی بھی غمازی کرتا ہے۔
سفیر پاکستان کو بریفنگ دیتے ہوئے فجر پاشا نے کہا کہ ان کی تنظیم ملک بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے کام کر رہی ہے اور اسے یونیسکو اور حکومت چین کی جانب سے گلوبل ایوارڈ فار گرلز اور خواتین کی تعلیم 2023 کے ذریعے بھی نوازا گیا ہے۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ خصوصاً خواتین کی تعلیم حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور ہم اس حوالے سے اور خاص طور پر ملک کے دور دراز علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔
انہوں نے فجر پاشا پر زور دیا کہ وہ پاکستانی بچیوں اور خواتین کے لیے امریکہ میں موجود تعلیمی مواقعوں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کریں۔
پاکستان میں تعلیم کے شعبے کے لیے امریکی حکومت کی جانب سے مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ گذشتہ سال 8000 سے زائد پاکستانی طلباء نے اپنی تعلیم کے حصول کے لیے امریکا کا دورہ کیا جو ماضی کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔ ہم اس تعداد کو دوگنا کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے امریکی حکومت کا رویہ حوصلہ افزا ہے۔
سفیر پاکستان نے پی اے جی ای کی کامیابیوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ادارے کی ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.