چودھری سرور کا نہتے فلسطینیوں پر ظلم و ستم فوری بند کرنے کا مطالبہ
گلاسکو(نیوزڈیسک) مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر وسابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر ظلم و ستم فوری طور پر بند کئے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق گلاسگو میں فلسطین کی آزادی کے حق میں ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا، سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے مظاہرے میں شرکت کی، سابق گورنر نے اسرائیلی حملوں کو رکوانے کے لئے نیٹو سے کردار ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
چودھری محمد سرور نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور غذا کی سپلائی بحال کی جائَے، فلسطین میں اسرائیلی دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کو طبی سہولیات کی فراہمی شروع کی جائے، انہوں نے کہا کہ میں کئی بار فلسطین گیا اور اسرائیلی بربریت کے مظاہرے کے اثرات دیکھ کر آیا ہوں۔
سابق گورنر نے کہا کہ فلسطینی بچے کنکریوں کے ساتھ ٹینکوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، فلسطینی عوام کی جرات اور ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں، یورپی یونین، برطانیہ اور امریکہ کو چاہئے کہ فوری جنگ بندی کروائے اور فلسطینیوں کو آزادی دلوانے کے لئے کردار ادا کریں۔