نگران وزیراعظم بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے لئے چین کا دورہ کریں گے
اسلام آباد(نیوزڈیسک)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ چین کے صدر شی جن پھنگ کی دعوت پر 17 سے 18 اکتوبر تک بیجنگ میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی تعاون کے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم (بی آر ایف) میں شرکت کے لیے چین کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو اسلام آباد میں ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے اور 18 اکتوبر کو ’ایک کھلی عالمی معیشت میں رابطے‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے اعلیٰ سطحی فورم سے خطاب بھی کریں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ صدر شی جن پھنگ اور سینئرچینی رہنماؤں کے علاوہ فورم میں شرکت کرنے والے لیڈروں سے 2 طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چین میں 2 طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے لیے سرکردہ چینی تاجروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم چین کے سنکیانگ خودمختار علاقے ارومچی کا بھی دورہ کریں گے اور مقامی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے جس کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری اور عوام کے درمیان تعلقات کو بڑھانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے 10 سال مکمل ہونے پر جاری تقریبات کا حصہ ہے جو چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا ایک اہم حصہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم چین میں اپنی مصروفیات میں سی پیک کی اہم کامیابیوں اور مستقبل کی ترجیحات پر روشنی ڈالیں گے اور اس کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کریں گے۔