News Views Events

پاک فضائیہ کی جانب سے14 ملکی بین الاقوامی فضائی مشق انڈس شیلڈ-2023 کا آغاز

0

 

بین الاقوامی عسکری شراکت داری کو فروغ دینے اور فضائی قوت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے، پاک فضائیہ کی ایک آپریشنل ایئر بیس پر 14 ملکی بین الاقوامی فضائی مشق، انڈس شیلڈ-2023 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ائیر وائس مارشل طارق محمود غازی، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سینٹرل ائیر کمانڈ، اس پروقار افتتاحی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

ایئر آفیسر کمانڈنگ سینٹرل ایئر کمانڈ نے مشق کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فضائی جنگ کے نئے ابھرتے ہوئے محرکات کے تناظر میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے بین الاقوامی فضائی مشقوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس وسیع مشق کے انعقاد پر ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس کی کاوشوں کو بھی سراہا جس کی بدولت مشق میں حصہ لینے والی فضائی افواج اور اتحادیوں کے مابین موجودہ تعاون اور شراکت داری کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشق انڈس شیلڈ-2023 کی منصوبہ بندی اور اس کا انعقاد، سربراہ پاک فضائیہ، کے وژن کے عین مطابق ہے جس سے پاک فضائیہ کے لیئے ٹیکنالوجی کے فروغ، اس کی صلاحیتوں کو جدت سے ہمکنار کرنے اور عصر حاضر کی جنگی حکمت عملیوں کو بروئےکار لاتے ہوئے فضائی دفاع کے مشترکہ چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے گا۔ ایئر وائس مارشل طارق محمود غازی نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ یہ مشق خطے کی اہم فضائی قوتوں کے مابین، تعاون اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

مشق انڈس شیلڈ 2023 میں ترکیہ، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، عمان، بحرین، آذربائیجان، انڈونیشیا، مراکش، ازبکستان، چین اور ہنگری سمیت 14 فضائی افواج شرکت کر رہی ہیں۔ یہ مشق شریک فضائی افواج کو نہ صرف اپنی بےمثال مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گی بلکہ اس مشق کے ذریعے شرکاء کے مابین باہمی افہام و تفہیم میں بہتری اور تعاون کا فروغ بھی ممکن ہوگا۔ یہ بین الاقوامی فضائی مشق عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کی علامت ہے جو خطے میں پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا لوہا منوانے میں کارگر ثابت ہوگی۔ علاوہ ازیں، اس مشق میں شامل حقیقت پر مبنی فضائی جنگ کے منظرنامے اور مختلف عسکری مشنز کی عکاسی، فضائی اور زمینی عملے کو فضائی جنگ کے دوران اساسوں کی تعیناتی سے متعلق مختلف حکمت عملیوں کو پرکھنے کا ایک بہتریں تجربہ فراہم کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.