حماس کے حملوں میں فوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملوں میں سینئرفوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی جبکہ 1590 افراد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے حماس کے حملوں میں 200 اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق حماس سے جھڑپ میں سینئرترین اسرائیلی فوجی کرنل جوناتھن اسٹینسبرگ بھی ہلاک ہو ئے جبکہ حماس کی جانب سے سینیئر اسرائيلی کمانڈر میجر جنرل نمرود الونی سمیت متعدد افراد کو یرغمال بنانے اور اسرائیل پر 7 ہزار سے زیادہ راکٹ داغنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی حملوں میں 232 فلسطینی شہید جبکہ 1700 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، اسرائیلی فضائیہ نے فلسطینی وزارت داخلہ کی عمارت تباہ کردی، اسرائیلی فوج کے مطابق اب بھی اسرائیل کے 22 مقامات پر جنگ جاری ہے۔
فلسطین اور اسرائیل کے مابین حالیہ کشیدگی کے بعد بھارت، ترکیہ اور آسٹریا کی ائیرلائنز سمیت درجنوں ائیر لائنز نے اسرائیل کیلئے اپنی پروازیں معطل کردیں ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے جواب میں غزہ پٹی کو ”ویران جزیرے“ میں تبدیل کردیں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ حماس کے عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد اعلان جنگ کردیا ہے۔
انہوں نےغزہ پٹی پر رہنے والوں کو کہا کہ وہ اسرائیل کی زمینی، فضائی اور سمندری ناکہ بندی میں ہیں، فوری طور پر علاقہ چھوڑ دیں۔
اسرائیلی رہنما نے ٹیلی ویژن پر خطاب میں کہا کے حماس کے حملے کا زبردست انتقام لیں اور اس کے تمام ٹھکانوں کو نشان بنائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام نوجوانوں کی قیمتی جانوں کا بھی بدلہ لیں جنہوں اس حملے میں جانیں گنوائی ہیں۔
مزید کہا کہ ہم غزہ کو ویران جزیرے میں بدل دیں گے، میں غزہ کے شہریوں سے کہتا ہوں، تمہیں اب جانا ہو گا، ہم پٹی کے ہر کونے کو نشانہ بنائیں گے۔
واضح رہے کہ ہفتے کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 7000 راکٹ فائر کیے گئے جس کے بعد فلسطین اور اسرائیل میں جنگ چھڑ گئی، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے کیے گئے حملوں میں صیہونی فوجیوں سمیت 500 سے زائد اسرائیلی ہلاک، سینکڑوں زخمی اور درجنوں یرغمال بنالیے گئے۔