News Views Events

سی پیک میں نئے منصوبے شامل نہ کرنے کی خبریں بے بنیاد قرار

0

سی پیک میں نئے منصوبے شامل نہ کرنے کی خبریں بے بنیاد قرار

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزارت منصوبہ بندی نے چین کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہدراری (سی پیک) میں نئے منصوبوں کو شامل نہ کرنے کی خبریں بالکل بے بنیاد قرار دی ہیں اور کہا ہے کہ ان خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت منصوبہ بندی نے جاری اعلامیے میں کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک کے دائرہ کار کو مختلف شعبوں میں وسعت دینے کے لئے پر عزم ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سی پیک کے تحت منصوبوں کی بدولت پاکستان کے انفراسٹرکچر، توانائی اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں بہتری اور جدت آئی جبکہ ان شعبوں کی استعداد کار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا۔
وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبوں کی وجہ سے پاکستان کی اقتصادی حالت میں بہتری آئی اور دنیا کے سامنے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے بہترین منزل کے طور شناخت ملی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ چین اور پاکستان سی پیک تعاون کو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے، آبی وسائل، زراعت اور سیاحت کے شعبوں تک توسیع دینے پر کام کر رہے ہیں، یہ شعبے پہلے ہی سی پیک کے طویل المدتی منصوبے کا حصہ تھے۔
وزارت منصوبہ بندی کے مطابق 11ہویں مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) میں ان منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے لئے متعلقہ ورکنگ گروپ میں لا کر حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیراورساحلی علاقوں میں سی پیک کے مختلف منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں اوروہاں سی پیک کے تحت نئے منصوبوں کی شمولیت پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
وزارت منصوبہ بندی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین انفراسٹرکچر، اقتصادی ترقی، زراعت، قدرتی وسائل، برآمدات میں اضافے کے لئے صنعتوں کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.