چین مصر کے ساتھ تعاون اور باہمی اعتماد کو مستحکم کرے گا، سی پی سی عہدیدار
قاہرہ(شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کے ایک سینئر عہدیدار نے مصر کے دورے کے دوران کہا ہے کہ چین دونوں ممالک کے سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد اور باہمی سیاسی اعتماد کو مستحکم کرنے کے لیے مصر کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
یہ بات سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن لی شی نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کے دوران کہی۔
لی نے ہفتہ سے پیر تک مصر کا سرکاری دوستانہ دورہ کیا۔
چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے سیسی کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے لی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں سربراہان مملکت نے دوطرفہ تعلقات، کثیر الجہتی تعاون اور گورننس پر گہرے تبادلے کیے ہیں جو جاری عالمی تبدیلیوں کے پس منظر میں دوطرفہ تعلقات کی ترقی کے لیے بنیادی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
لی نے کہا کہ چین ایک دوسرے کے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر مصر کے ساتھ باہمی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین بیلٹ اینڈ روڈ اینی شیٹو اور مصر وژن 2030 کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔
سی پی سی سینٹرل کمیشن فار ڈسپلن انسپکشن کے سیکرٹری لی نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں فریق بین الجماعتی تبادلوں اور انسداد بدعنوانی تعاون میں اضافہ کریں گے۔
سیسی نے لی سے کہا کہ وہ ان کی طرف سے شی جن پھنگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کریں اور اس بات کی تعریف کی کہ چین نے صدر شی کی قیادت میں قابل ذکر ترقیاتی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور چین کی ترقی کو روکا نہیں جا سکتا۔