News Views Events

ایشین گیمز:نیپال نے ٹی ٹوئنٹی کے نئے ریکارڈز بنا لیے

0

ہانگ ژو(نیوزڈیسک)نیپال کی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں تیز ترین سینچری، تیز ترین نصف سینچری اور سب سے زیادہ رنز بنانے سمیت کئی نئے ریکارڈز بنا لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چین کے شہر ہانگ ژو میں جاری ایشین گیمز میں کرکٹ مقابلوں کے دوران نیپال نے بدھ کو منگولیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کی ایک اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے 300 کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ اس سے قبل افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف 2019 میں تین وکٹوں پر 278 رنز بنائے تھے۔
یہی نہیں نیپالی بیٹرز نے میچ میں 26 چھکے لگائے جو انٹرنیشنل میچ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ اس سے قبل افغانستان کو آئرلینڈ کے خلاف 2019 میں کھیلے گئے ایک میچ میں سب سے زیادہ 22 چھکے لگانے کا اعزاز حاصل تھا۔
نیپالی بیٹر کشال مالا نے 34 گیندوں پر سینچری بنا کر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی برق رفتار سینچری کا نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ اس سے قبل بھارت کے روہت شرما، جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر اور چیک ری پبلک کے سودیش وکراما سکارا کو 35 گیندوں پر سینچری بنانے کا اعزاز حاصل تھا۔
اس میچ میں نہ صرف برق رفتار سینچری بنی بلکہ دپندرا سنگھ ایری نے صرف نو گیندوں پر نصف سینچری مکمل کر کے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی تیز ترین نصف سینچری کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں آٹھ چھکے لگائے۔
دپندرا سنگھ نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ہے۔ انہوں نے 10 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 500 سے زیادہ بنتا ہے۔
دپندرا سنگھ نے بھارتی بلے باز یوراج سنگھ، ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کرس گیل اور افغان بیٹر حضرت اللہ زازئی کا 12 گیندوں پر نصف سینچری کا ریکارڈ توڑا ہے۔
نیپال نے اس میچ میں منگولیا کے خلاف 273 رنز سے کامیابی حاصل کی جو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں جیت کا سب سے بڑا تناسب ہے۔
اس سے قبل چیک ری پبلک نے 2021 میں پاناما کے خلاف 208 رنز سے کامیابی سمیٹی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.