News Views Events

نواز شریف کیخلاف طیارہ سازش کیس 9 مئی واقعات جیسا ہی تھا،محمد علی درانی

0

اسلام آباد(نیوزڈیسک)سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف 1999 میں طیارہ سازش کیس بھی 9 مئی واقعات جیسا ہی تھا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف طیارہ سازش کیس 9 مئی واقعات جیسا تھا، طیارہ غوا کر کے بھارت میں اتارنے کی بات ہو رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم پر اس سنگین کیس کے باوجود غداری کا مقدمہ نہیں چلا اور وہ نہ صرف اس صورتحال سے نکل گئے بلکہ تیسری بار وزیراعظم بھی بن گئے۔
محمد علی درانی نے کہا کہ آج کے معاملات کو بھی سیاسی عمل کے ذریعے آگے بڑھایا جانا چاہیے، ٹکراؤ سے کسی واقعے کی گرد تلے عوام کی رائے کو دبانے کی کوشش نہ کی جائے۔ اس وقت مختلف بحرانوں میں پھنسے ہیں،عوام کی حالت خراب ہے ان میں انتہائی مایوسی پیدا ہوچکی ہے۔ اس وقت ٹکراؤ نہیں بلکہ الیکشن ہی مفاد میں ہے۔
اس وقت پی ٹی آئی بات چیت کے لیے تیار ہے، اس نے ماضی قریب واقعات سے اپنے لیے راستہ نکالا ہے، تمام پارٹیوں کو یہی کہوں گا کسی کی پشت پناہی لے کر اپنی کامیابی کی کوشش نہ کریں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی کہا کہ ٹکراؤ نہیں بلکہ ڈائیلاگ کریں۔ نون لیگ کے دوستوں کو ماضی کے مجرم تلاش نہیں کرنے چاہئیں، ایک کندھے پر تلوار اور دوسرے پر احتساب کا کوڑا رکھ کر میدان میں نہیں آنا چاہیے۔ ہم احتساب اور انتقام کی بات کرتے ہیں لیکن نیلسن منڈیلا بننے کو تیار نہیں کہ جس نے الیکشن جیتنے کے بعد لوگوں کو معاف کر دیا تھا۔ ہم الیکشن میں انتقام اور احتساب کی بات کر کے عوام کا بلڈ پریشر بڑھاتے ہیں۔ اس وقت عوام کا پیٹ خالی ہے لیکن ہم دوسروں کے پیٹ چاک کرنے کی بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی اس پوزیشن میں نہیں کہ پی ٹی آئی کو 9 مئی واقعات میں سزا دے، کوئی پارٹی ایسا بھی نہیں کر سکتی کہ مجھے الیکشن لڑنا ہے فلاں کو باہر کریں۔
محمد علی درانی نے کہا کہ فوج ملک کے دفاع کی مشین ہے انہیں تعاون کی ضرورت ہے، اسے آپ اقتدار میں آنے کے لیے بطور کاندھا استعمال کرنے کی کوشش نہ کریں، میں رابطوں کے اندر ہوں، بڑے لیول پر بھی کوشش ہے بات چیت کر رہا ہوں، سیاسی قائدین کےپاؤں پرہاتھ رکھ کر کہتاہوں اس وقت عوام اور معیشت کو دیکھیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.