آصف زرداری کی چودھری شجاعت سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے گزشتہ روز مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے چودھری سالک حسین اور چودھری شافع حسین بھی موجود تھے ۔
سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی صحت سے متعلق خیریت دریافت کی۔
صدر آصف علی زرداری اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق دونوں رہنمائوں نے پنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی وعدہ خلافی کا شکوہ کیا۔
چودھری شجاعت اور آصف زرداری کی ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی ، دونوں رہنماؤں میں اہم سیاسی سمیت معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور م آئندہ انتخابات میں انتخابی تعاون بڑھانے میں بھی غور کیا گیا۔
چوہدری شجاعت نے آصف زرداری سے پنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی وعدہ خلافی کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا وعدہ کیا تھا، ن لیگ سےرابطےکی کوششیں کی گئیں لیکن ابھی تک جواب نہیں آیا۔
آصف زرداری نے چودھری شجاعت کو ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
ملاقات کے دوران چودھری شجاعت نے آصف زرداری سے کہا کہ آج کل (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان جو بیان بازی چل رہی ہے اس سے سیاسی کشیدگی نظر آرہی ہے یہ ٹھیک نہیں، اس پر آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے ایسا کچھ نہیں کیا، ہم آئین اور زمینی حقائق کے مطابق بات کررہے ہیں کسی سے محاذ آرائی نہیں جس پر چوہدری شجاعت نے کہا کہ ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
چودھری شجاعت نے کہا کہ ملک محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا لہٰذا ملکی صورتحال کی وجہ سے مل کر چلنے کی ضرورت ہے، سیاسی محاذ آرائی پر نواز شریف سے بھی بات کروں گا۔