News Views Events

بیلجئیم میں پاکستان کا ثقافتی ورثہ لوگوں کی توجہ کا مرکز

0

بیلجیئم میں پاکستان کا ثقافتی ورثہ لوگوں کی توجہ کا مرکز

بیلجیئم میں منعقد ہونے والے سالانہ ’یوم ورثہ 2023میں پاکستان کا شاندار ثقافتی ورثہ اور اس کے اسٹریٹ فوڈ آئٹمز لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے سفارتخانے میں دن بھر کی سرگرمیوں کا افتتاح کیا۔اس حوالے سے سیکڑوں مقامی لوگوں نے دن بھر سفارت خانہ پاکستان میں اس ثقافت کی عکاسی کرنے والی اشیاء کو ملاحظہ کیا جنہیں مختلف اسٹالز پر خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ان اشیاء میں فن پارے، تصاویر، زیورات، دستکاری، پاکستان کی مختلف برآمدی مصنوعات اور اس کے روایتی ملبوسات شامل تھے جو پاکستان کے قدیم ورثے، ثقافتی تنوع، سیاحت اور برآمدی صلاحیت کی نمائندگی کررہے تھے۔اس نمائش کے موقع پر سفارت خانے کی جانب سے آنے والے تمام مہمانوں کی پاکستانی اور کشمیری کھانوں سے تواضع کی گئی۔مہمانوں کی جانب سے سفارت خانے کے حکام کی گرم جوشی اور مہمان نوازی کو خوب سراہا بھی گیا۔
واضح رہے کہ یورپین دارالحکومت برسلز میں اربن برسلز کے زیر اہتمام 1989 سے ’یوم ورثہ‘ کے عنوان سے ہر سال مختلف ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
یورپ کا دارالحکومت اور ایک بین الاقوامی شہر ہونے کے ناطے سے برسلز میں ان تقریبات کا بہت شدت سے انتظار کیا جاتا ہے۔
اس سال اربن برسلز نے تمام سفارت خانوں کو مدعو کیا تھا کہ وہ اپنے ہاں لوگوں کو دعوت دیں اور اپنا ثقافتی ورثہ ان کے سامنے پیش کریں۔
اسی مناسبت سے پاکستانی سفارت خانے نے بھی اپنے دروازے عام لوگوں کیلئے کھولے تھے جہاں سفیر آمنہ بلوچ نے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس تقریب کا رسمی افتتاح کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.