News Views Events

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا یوم بحریہ کے موقع پر پیغام

0

08 ستمبر 2023

پاک بحریہ ہر سال 8 ستمبر اپنے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یوم بحریہ کے طور پر مناتی ہے جنہوں نے دشمن کے پانیوں میں داخل ہونے اور دوارکا کے ساحلی قصبے پر بمباری کرنے کے لیے خود اعتمادی، ہمت اور اللہ پر کامل یقین کا مظاہرہ کیا۔ اس دن ہم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور ان کی بہادری اور جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1965 کی جنگ کے دوران ایک مذموم دشمن کے خلاف قوم کے حوصلے بلند کیے۔

آپریشن دوارکا جسے ”آپریشن سوم ناتھ“ کا نام دیا گیا، کے دوران پاک بحریہ کے سات جنگی جہاز دشمن کے علاقے میں مشن کے لیے روانہ ہوئے اور دوارکا میں ہندوستانی ریڈار اسٹیشن اور ایک ریڈیو ٹاور سمیت اہم ساحلی تنصیبات کو تباہ کر دیا۔پاکستانی بحری بیڑے کے حملے نے دشمن کو حیرت زدہ کردیا اور ہندوستانی بحریہ کے حوصلے کو شدید دھچکا پہنچایا،جس نے نہ صرف اس کے دفاع کو ہلا کر رکھ دیا بلکہ جوابی ردعمل کو بھی مفلوج کر دیا۔ مزید برآں،پاک بحریہ کی آبدوز غازی کی دھاک نے ہندوستانی بحریہ کی جوابی کاروائیاں روکنے اور اسے ساحل کے قریب محدود رکھنے میں اہم کردار اداکیا۔

پاک بحریہ ملکی بحری دفاع کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی پانیوں میں ہمہ وقت اپنی موجودگی کو بھی برقرار رکھتی ہے اور علاقائی بحری افواج کے ساتھ باہمی تعاون سے گہرے سمندروں میں میری ٹائم سیکیورٹی کو فروغ دے رہی ہے۔اس ضمن میں پاک بحریہ ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجزسے نمٹنے کے لیے جدید ترین صلاحیتیں حاصل کر رہی ہے اور خطے میں ایک مضبوط، اہم اور قابلِ اعتبار قوت میں تبدیل ہونے کے لیے مقامی صلاحیتوں کو بڑھا رہی ہے۔

موجودہ حالات میں پاک بحریہ قومی ترقی بالخصوص ساحلی آبادیوں کی بہتری اور بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان بحریہ نے وزارت بحری امور کے تعاون سے رواں سال فروری میں پاکستان کی پہلی انٹرنیشنل میری ٹائم نمائش اور کانفرنس (PIMEC) کا انعقاد کیا۔ PIMEC میں 22 غیر ملکی اور 121 مقامی نمائش کنندگان نے شرکت کی جو کہ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کی غیر استعمال شدہ صلاحیت سے فائدہ اٹھانے میں زبردست دلچسپی کا عکاس ہے۔

مزید برآں، پاکستان بحریہ نے رواں ماہ کے آغاز میں بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس میں پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (PMSTP) کا پائلٹ پراجیکٹ لانچ کیا۔ اس منصوبے کا مقصد تعلیمی اداروں، صنعت، غیر ملکی ٹیکنالوجی فرموں اور ریاستی اداروں کو اکٹھا کرکے میری ٹائم تعلیم، تحقیق، اختراع اور ٹیکنالوجی کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ یہ تمام تر کوششیں بلیو اکانومی کی ترقی پر مرکوز ہیں جس میں بہت زیادہ امکانات موجود ہیں،جو ہماری قومی معیشت کو نمایاں فروغ دے سکتی ہے۔

آج جب ہم یومِ بحریہ منا رہے ہیں، آئیے ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو قوم کے لیے ان کی عظیم قربانیوں پر خراج تحسین پیش کریں۔ پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز/ سیلرز اور سویلینز مادر وطن کے دفاع اور تمام خطرات اور چیلنجز کے خلاف میری ٹائم مفادات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.