پاکستان کی سکیورٹی سے متعلق بیان، شاہد آفریدی نے جے شاہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ کے پاکستان کی سکیورٹی سے متعلق بیان پر انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ 2023 دبئی کے بجائے سری لنکا میں کرانے کے معاملے پر جے شاہ نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ سکیورٹی اور معاشی صورتحال کے سبب تمام فل ممبرز، میڈیا رائٹس ہولڈرز اور اسٹیڈیم رائٹس ہولڈرز پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں کھیلنے پر ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کررہے تھے۔
جے شاہ کا کہنا تھا کہ اے سی سی کے صدر کی حیثیت سے مجھے اس کا مناسب حل نکالنا تھا، پی سی بی کے اے سی سی سے مل کر بنائے جانے والے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کیا۔
اے سی سی کے صدر کے اس بیان پر شاہد آفریدی نے ایکس پر بیان جاری کیا اور اس میں جے شاہ کو مینشن کیا۔
سابق کپتان نے لکھاجے شاہ کا پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال سے متعلق بیان دیکھا تو ان کی یادداشت تازہ کرنے کے لیے بتا دوں کہ پاکستان نے گزشتہ 6 سال میں کئی غیر ملکی ٹیموں اور کھلاڑیوں کی میزبانی کی ہے۔
شاہد آفریدی نے اپنی پوسٹ میں بتایا ہے کہ ان برسوں میں کون کون سی غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آ چکی ہیں۔
اپنی ٹوئٹ کے اختتام پر شاہد آفریدی نے مزید لکھا کہ مسٹر شاہ کوئی شک نہیں کہ پاکستان 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی میزبانی کے لیے بھی تیار ہے۔
واضح رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ایشیا کپ کے شیڈول کو مذاق بنا دیا ہے، جے شاہ پہلے ورلڈکپ کے شیڈول کو مذاق بنا چکے ہیں، انہوں نے اب ایشیا کپ کے حوالے سے بھی فیصلوں کو جگ ہنسائی کا سبب بنا دیا۔
پہلے میچز ہمبنٹوٹا منتقل کرنے پر اتفاق ہوا اور اب دوبارہ شیڈول کے مطابق میچز کولمبو میں ہی کرانے کا کہا گیا ہے۔