News Views Events

ہم اپنے شہداء کے مقروض ہیں: نگراں وزیرِ اعظم

0

اسلام آباد(نیوزڈیسک)نگران وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہم اپنے شہداء کے مقروض ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج 6 ستمبر کو یومِ دفاع و شہداء کے حوالے سے قومی یادگار شکر پڑیاں میں پُر وقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں نگران وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے شرکت کی، یادگار پر فاتحہ پڑھی، پھول رکھے اور خطاب بھی کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ آج ہم اپنے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں،شہداء ہمارے ماتھے کے جھومر ہیں۔
نگران وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ شہداء اللّٰہ کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔
نشانِ حیدر پانے والے کیپٹن محمد سرور شہید اور میجر شبیر شہید کے مزاروں پر بھی یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی۔
اس موقع پر دونوں شہداء کے مزاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
لاہور میں مصورِ پاکستان علامہ اقبالؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب منعقد ہوئی۔
کور کمانڈر لاہور تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے مزارِ اقبال پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔
یوم دفاع و شہداء، 6 ستمبر 2023 کے موقع پر اپنے پیغام میں نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن ملی عزم، ہمت، بہادری اور شجاعت کے دن کے طور پر یاد کیا جاتا ہے. یہ دن ہماری تاریخ میں قومی عظمت، سالمیت اور خودمختاری کی علامت ہے. آج سے 58 سال پہلے اس دن ہماری بہادر فوج کے جوانوں نے یہ ثابت کیا کہ وہ ملک کی سرحدوں کی ہر قیمت پر حفاظت کیلئے ہر دم چوکس اور تیار ہیں. اس شاندار دن پوری پاکستانی قوم ملک کی حفاظت کیلئے اپنی بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی. یہ دن اپنے ملک سے وفاداری اور قومی خدمت کے عہد کی تجدید کا دن ہونے کے ساتھ ساتھ وطن کے ان بہادر بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن بھی ہے جنہوں نے ملکی سلامتی کی حفاظت کیلئے جام شہادت نوش کیا.
اس دن پوری قوم نے ایمان اتحاد اور تنظیم کا ایسا مثالی عملی نمونہ پیش کیا جس نے پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج میں وطن کے دفاع کے جذبے کو مزید اجاگر کیا. ملک کا دفاع صرف 6 ستمبر تک ہی محدود نہیں، بلکہ رہتی دنیا تک ہمیں اپنے وطن کی نظریاتی اساس اور سرحدوں کی حفاظت کا عزم کرنا ہے. اس ملک کے وہ بہادر جوان جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے جام شہادت نوش کیا اور دشمن کو اپنی پاک سرزمین پر ایک انچ بھی پیش قدمی نہ کرنے دی کے ساتھ ساتھ پوری پاکستانی قوم اس دن ملک کا دفاع کرنے کیلئے خراج تحسین کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جب ملکِ پاکستان کو انتہا پسندی،دہشت گردی اور بیرونی جارحیت جیسے بے شمار سیکیورٹی چیلینجز کا سامنا ہے، پاکستان کی سالمیت اور ترقی کے خلاف ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے.
پوری دنیا پاکستانی فوج کی عالمی امن کے لئے خدمات، بالخصوص اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات کی معترف ہے. ہم امن کو اپنی خارجہ پالیسی کی علامت سمجھتے ہیں.
جموں و کشمیر کا دیرینہ تنازعہ خطے کے امن و سلامتی کیلئے سب سے بڑا چیلینج ہے. عالمی برادری کو آگے بڑھ کر اس مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے. پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی مدد اُس وقت تک جاری رکھے گا جب تک کہ کشمیر میں غیر قانونی بھارتی قبضے میں محبوس کشمیری بہن بھائیوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے عین مطابق انہیں حقِ خود ارادیت نہیں مل جاتا.
آج پوری قوم پورے نظم و ضبط اور ایمان کے ساتھ پاکستان کے استحکام کیلئے پر عزم ہے. اپنی محنت اور لگن سے ہم پاکستان کی ہر طرح کے سیکیورٹی اور معاشی چیلنج سے حفاظت کریں گے. میں ایک مرتبہ پھر 6 ستمبر 1965 کے شہداء، جنہوں نے اس ملک کی حفاظت کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور اسکے بعد بھی اپنی جان کی پروا کئے بغیر اس ملک کی حفاظت کرتے رہے، کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں. مجھ سمیت پوری قوم اس ملک کے شہداء اور غازیوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں ہونے دے گی.

Leave A Reply

Your email address will not be published.