News Views Events

پاکستان مسلم لیگ کے شفاف انٹرا پارٹی انتخابات دیگر جماعتوں کے لیے مثال ہیں، ڈاکٹر شوکت علی

0

لندن/برمنگھم(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر شوکت علی نے کہا ہے کہ ملک کی تاریخ میں ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ نے جمہوری طریقے سے شفاف اور منظم انٹرا پارٹی انتخابات اسلام آباد میں منعقد کیے، جو دیگر سیاسی جماعتوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ایک مقامی ہوٹل میں پاکستان مسلم لیگ اوورسیز کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں پارٹی ممبران، صحافیوں اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا کہ ملکی تاریخ میں اتنے شفاف انٹرا پارٹی انتخابات پہلے کبھی نہیں دیکھے۔ ہم بیرونِ ملک مقیم لاکھوں محبِ وطن پاکستانی ان جمہوری روایات کو سلام پیش کرتے ہیں اور کامیاب امیدواروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔”انہوں نے کہا کہ پارٹی میں نظریاتی اور مخلص کارکن جماعت کا قیمتی سرمایہ ہیں، جن پر قیادت کو خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ یہی کارکنان پارٹی کو مضبوط اور مستحکم بناتے ہیں، اور آئندہ انتخابات میں کامیابی کی ضمانت ہیں

 

۔ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے پاکستان مسلم لیگ کے قائد چوہدری شجاعت حسین کی صحت و سلامتی کے لیے دعا کروائی اور کہا کہ شجاعت حسین کا نظریہ ’مٹی پاؤ، آگے بڑھو‘ اور مفاہمتی سیاست کو فروغ دینا آج کے دور میں وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی سوچ میں بھائی چارہ اور ملکی استحکام پوشیدہ ہے۔”انہوں نے کہا کہ بہادر افواج ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں۔ ہم اوورسیز پاکستانی اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ ملک کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کوششیں کر رہے ہیں۔”ڈاکٹر شوکت علی نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانی بڑے پیمانے پر پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں، اور اس پر عملی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔تقریب میں پاکستان مسلم لیگ برمنگھم کے صدر محمد شفیق اور دیگر اہم پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔آخر میں تمام مہمانوں کی روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی اور پاکستان کی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

 

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.