پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپیٹل انٹرا پارٹی الیکشن، رضوان صادق صدر؛ چودھری جہانگیر بلا مقابلہ جنرل سیکرٹری منتخب
نومنتخب صدر، جنرل سیکرٹری پر قیادت کا اعتماد،امید ہے تنظیم کو مضبوط اور فعال بنائیں گے۔ ڈاکٹر محمد امجد
اسلام آباد( سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپیٹل کی جنرل کونسل کے اجلاس میں انٹرا پارٹی الیکشن منعقد ہوا۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں رضوان صادق خان صدر اور چوہدری جہانگیر جنرل سیکرٹری کے عہدے پر بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو مسلم لیگ ہاؤس میں پارٹی کے اسلام آباد چیپٹر کی جنرل کونسل کے اجلاس میں انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔اس مقصد کے لئے چار اراکین پر مشتمل الیکشن کمیشن قائم کیا گیا تھا۔اس موقع پر پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان، فیڈرل کیپیٹل کی جنرل کونسل کے اراکین اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔
الیکشن کمیشن کے اراکین میں ڈاکٹر رحیم اعوان، حماد طیفورعباسی، مہرین ملک آدم اور عظام چوہدری شامل تھے۔ الیکشن کے عمل میں دونوں امیدواران بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد امجد، مسز فرخ خان اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے نومنتخب صدر اور جنرل سیکرٹری کو مبارکباد پیش کی، نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں رہنما مل کر فیڈرل کیپیٹل کی تنظیم مکمل کرکے پارٹی کو منظم اور مضبوط بنائیں گے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ پارٹی قائد چوہدری شجاعت حسین کی طرف سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق سندھ،کے پی کے اور گلگت بلتستان میں پہلے ہی انٹرا پارٹی الیکشن منعقد ہو چکے ہیں، آج فیڈرل کیپیٹل اور بلوچستان کے الیکشن ہوئے ہیں اور 12اپریل کو مرکز میں انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد ہوگا۔
انہوں نے رضوان صادق خان اور چوہدری جہانگیر کو ہدایت کی کہ وہ اسلام آباد کے تینوں حلقوں اور تمام یونین کونسلز میں جا کر پارٹی کو گراس روٹ لیول پر منظم کریں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی افراتفری کے دور میں ہمارے پاس سنہری موقع ہے کہ اچھی شہرت رکھنے والے لوگوں کو پارٹی میں لائیں۔اس موقع پر رضوان صادق خان اور چوہدری جہانگیر نے پارٹی قیادت اور جنرل کونسل کے اراکین کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ پارٹی کو مضبوط اور منظم کرنے میں اپنی تمام ترکاوشیں بروئے کار لائیں گے۔