سی ڈی اے بورڈ کا ساتواں اجلاس: ترقیاتی منصوبوں، ہاؤسنگ سوسائٹیز، اور ویسٹ مینجمنٹ پر اہم فیصلے
اسلام آباد : چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا ساتواں اجلاس منگل کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بورڈ ممبران کے علاوہ متعلقہ سینئر افسران نے بھی شرکت کی، جہاں مختلف اہم ایجنڈا آئٹمز پر غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا جن کے نام سی ڈی اے ویب سائٹ اور میڈیا کے ذریعے عوام کے علم میں لائے جائیں گے، تاکہ شہری غیر قانونی منصوبوں میں سرمایہ کاری سے بچ سکیں۔
چئیرمین سی ڈی اے نے زون وائز قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی فہرست بھی ویب سائٹ پر شائع کرنے کی ہدایت دی تاکہ شہریوں کو مکمل اور بروقت معلومات میسر آئیں۔
اجلاس میں اسٹیٹ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ 3 کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے نئی آسامیوں کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ I-8 مرکز کے پلاٹ نمبر 28 کی بحالی کی منظوری دی گئی، جو تمام قانونی تقاضے پورے کرنے اور واجبات کی ادائیگی سے مشروط ہوگی۔
آرٹس اینڈ کرافٹ ویلج کی ازسر نو منصوبہ بندی اور ترقیاتی کاموں کی منظوری بھی اجلاس کا حصہ رہی۔ چئیرمین نے ممبر انجینئرنگ اور ممبر پلاننگ کو سائٹ کا دورہ کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں بلڈنگ اینڈ ہاؤسنگ کنٹرول سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے ایک مخصوص ایجنسی کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ بلیو ایریا میں فوڈ اسٹریٹ اور پیدل چلنے والوں کے لیے ٹریکس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے آر ڈبلیو ایم سی کی خدمات میں تین ماہ کی توسیع دی گئی۔ یہ ادارہ شہر بھر سے روزانہ کی بنیاد پر کچرا اکٹھا کر کے ویسٹ ٹرانسفر سینٹر سے ڈمپنگ سائٹس تک منتقل کرے گا۔ مزید برآں، اسلام آباد کے لیے مستقل ڈمپنگ سائٹس کے قیام کی منظوری بھی دی گئی ہے، جنہیں ماحولیاتی تحفظ اور سائنسی اصولوں کے مطابق تعمیر کیا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد کی ترقی، خوبصورتی اور خوشحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، اور ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔