ٹرمپ کے ٹیرف نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کریش کردی
اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹیرف اقدام پاکستانی اسٹاک مارکیٹ پر بھی بھاری پڑگیا، 100 انڈیکس 6 ہزار 287 پوائنٹس یعنی 5.29 فیصد نیچے آنے کے بعد اسٹاک مارکیٹ بند ہوگئی۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس) میں پیر کو کاروبار کے ابتدائی سیشن سے ہی شدید مندی کا رجحان رہا، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 3297 پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 15 ہزار 499 کی سطح پر آگیا۔
بعدازاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ مندی کا رجحان رہا، ایک ہی روز میں 6 ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ ہوئی۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 6 ہزار 287 پوائنٹس کی کمی کے بعد 100 انڈیکس ایک لاکھ 12 ہزار 504 پوائنٹس کی سطح پر آگیا، تاریخ کی سب سے بڑی مندی کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار روک دیا گیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے بعد ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی، 100 انڈیکس میں 6 ہزار پوائنٹس سے زائد کمی ہوئی، جس کے بعد مارکیٹ ایک لاکھ 12 ہزار 504 پوائنٹس پر بند ہوگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 1800 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس ایک لاکھ 20 ہزار 793 پوائنٹس کی حد کو چھو گیا۔
تاہم کاروباری روز کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں اچانک مندی چھا گئی جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 146 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 18 ہزار 791 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جارحانہ فیصلوں نے بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹس کا بٹہ بٹھا دیا، امریکا اور یورپ کے بعد ایشیائی بازار بھی مندی کی لپیٹ میں آگئے۔
جاپان کے نکی 225 انڈیکس میں 6 فیصد سے زائد گراوٹ دیکھی جارہی ہے، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ 10 اعشاریہ 8، چین کا شنگھائی انڈیکس 6 اعشاریہ 3، کوریا کا کوسپی 4 اعشاریہ 6، بھارت کا بی ایس ای سینسیکس 4 اعشاریہ 1 فیصد کم ہوگیا۔
دوسری جانب سعودی عرب، قطر، اردن اور متحدہ عرب امارات سمیت مشرق وسطیٰ کی مارکیٹس میں بھی مندی ہے۔
اس سے قبل امریکا کی ایس اینڈ پی انڈیکس میں 5 اعشاریہ 9 فیصد اور نیسڈیک میں 5 اعشاریہ 8 فیصد کمی ہوئی، جرمنی، برطانیہ، فرانس اور کوپن ہیگن سمیت یورپی بازاروں میں بھی مندی کے بادل چھائے رہے۔