"پاکستان فورم دمام الخبر کی جانب سے غلام مصطفی ملک کے اعزاز میں پروقار تقریب”
دمام الخبر(سٹاف رپورٹر)
۔۔
منسٹری آف اوورسیز اور مذہبی امور کے فوکل پرسن غلام مصطفی ملک کے اعزاز میں پاکستان فورم دمام الخبر کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام الخبر کے مقامی ہوٹل میں کیا گیا جس میں کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے شرکت کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی فوکل پرسن منسٹری اف اوورسیز جناب غلام مصطفی ملک نے حکومت پاکستان کی جانب سے دیار غیر میں موجود پاکستانیوں کے لیے کی جانے والی کوششوں کا ذکر کیا انہوں نے پاکستان فورم کی کمیونٹی کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی آمد پر شاندار پروگرام کرنے اور کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے پر پاکستان فورم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
پاکستان فورم کے صدر محمد یعقوب سیفی نے اپنے خطاب میں فورم کی کمیونٹی کو جوڑنے کے لیے کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے دیار غیر میں موجود پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز حاضرین مجلس کے سامنے رکھیں جن پر شرکائے مجلس نے سیر حاصل گفتگو کی اور فوکل پرسن کے سامنے اور سیز کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے کی طرف توجہ مبذول کروائی شرکائے مجلس میں موجودانجینئر امجد محمود ‘ فیصل چودھری ، عمران باسط ، انجینیئر زبیراور پاکستان پیرنٹس گروپ کے صدر مزمل شاہ نے اپنی مدبرانہ آراء سے آگاہ کیا اور تجاویز پیش کیں۔
پاکستان ایمبیسی ریاض کے سینئر مندوبین رانا صغیر، عمران یونس راجا اور میاں آصف اعجاز نے کمیونٹی ویلفیر کے لئے کئے اقدامات سے شرکاء کو آگاہی دی ۔ پاکستان فورم کے صدر یعقوب سیفی ، پاکستان پیرنٹس گروپ کے صدر مزمل شاہ، معروف ماجی اور کاروباری شخصیات جناب شیراز بٹ اور رانا ریاض نے کمیونٹی کے مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کی جن کو مہمان خصوصی فوکل پرسن نے نوٹ بھی کیا اور سراہا
مہمان خصوصی غلام مصطفی ملک نے ایسٹرن کمیونٹی کے جذبات کو سراہا اور تمام دی گئی تجاویز کو اوورسیز منسٹر چوہدری سالک حسین تک پہنچانے کا وعدہ کیا ۔
پاکستان فورم نے ہمیشہ کی طرح اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان اور پاکستانیت کو فروغ دینے کے جذبے کا عملی مظاہرہ کیا ۔
پاکستان فورم کے صدر یعقوب سیفی نے غلام مصطفی ملک کی آمد اور شرکاء پروگرام کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص اوورسیز منسٹری کے فوکل پرسن غلام مصطفی ملک کو الخبر کمیونٹی کے پاس تشریف لانے کے لئے کوششوں پر راجہ عمران کا بطور خاص شکریہ ادا کیا اور برملا ان کی کمیونٹی کے لئے کی گئی خدمات کو سراہا۔