پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ ساز سطح عبور، وزیراعظم کا اظہارِ اطمینا ن
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہی دن میں 1800 پوائنٹس کا اضافہ اور 120,000 کی نئی بلند ترین سطح حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ کاروباری ماحول میں بہتری اور اقتصادی استحکام کے اثرات نمایاں ہو رہے ہیں، جس سے نہ صرف سرمایہ کاری کو فروغ مل رہا ہے بلکہ معیشت بھی مستحکم ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے، جس سے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ کاروباری برادری اور صنعتوں کو بھی بڑا ریلیف ملے گا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کر رہی ہے تاکہ معیشت مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے، جو حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مثبت رجحان مزید بڑھے گا اور پاکستان کی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اس غیر معمولی تیزی کو معاشی ماہرین اور سرمایہ کار مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جو ملکی معیشت پر اعتماد میں اضافے کی علامت ہے۔