صدر مملکت آصف علی زرداری کورونا وائرس میں مبتلا، وزیراعظم کی نیک تمنائیں
اسلام آباد، صدر مملکت آصف علی زرداری کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے تصدیق کی ہے کہ صدر مملکت کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ ان کے مختلف طبی معائنے کیے گئے، جن کے نتائج مثبت آئے، جس کے بعد انہیں مکمل آئیسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈاکٹر عاصم حسین کے مطابق ماہرینِ صحت کی ایک خصوصی ٹیم صدر آصف علی زرداری کی صحت کی نگرانی کر رہی ہے، اور ان کی مجموعی حالت بہتر ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے اور کسی بھی غیر ضروری ملاقات سے اجتناب کرنے کی ہدایت دی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کی صحت سے متعلق اظہارِ تشویش کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم صدر کی صحت یابی کے لیے دعا کرے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صدر مملکت کو ہر ممکن بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ جلد از جلد صحت مند ہو سکیں۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا، اللہ تعالیٰ صدر مملکت کو شفاء کاملہ عطا فرمائے اور وہ جلد صحت یاب ہوں۔ آمین
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں صدر آصف علی زرداری نے مختلف سرکاری تقریبات میں شرکت کی تھی، جس کے بعد ان کی طبیعت ناساز ہوئی اور ان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا، جو مثبت آیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق صدر مملکت کے تمام سرکاری امور فی الحال محدود کر دیے گئے ہیں، اور وہ صحت یاب ہونے تک کسی بھی عوامی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔صدر کی صحت کے حوالے سے مزید اپڈیٹس کے لیے عوام کو سرکاری ذرائع سے آگاہ کیا جاتا رہے گا۔