چائنا ڈویلپمنٹ فورم 2025
اعتصام الحق
چائنا ڈویلپمنٹ فورم چین کا ایک اہم اقتصادی اور ترقیاتی فورم ہے جو ہر سال بیجنگ میں منعقد ہوتا ہے۔ یہ فورم چین کی اقتصادی پالیسیوں، عالمی تعاون، اور پائیدار ترقی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ یہاں چین کی اقتصادی ترقی، ٹیکنالوجی، اور عالمی معاشی تعاون پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے اور عالمی رہنما، کاروباری رہنما اور ماہرین معاشیات اکٹھے ہوتے ہیں تاکہ چین کی ترقیاتی حکمت عملی پر روشنی ڈالی جا سکے۔
حال ہی میں سال 2025 کے چائنا ڈویلپمنٹ فورم میں بھی اس حوالے سے ماہرین کی شرکت ہوئی اور تمام شعبو ں کے ماہرین نے تسلیم کیا کہ دنیا کی اقتصادی ترقی میں مشکل حالات کے باوجود چین کی معیشت کا کردار انتہائی اہم ہے اور انہیں اس کردار کے مزید مستحکم ہونے کی بھی توقع ہے ۔ بین الاقوامی شرکاء نے کہا کہ اعلی معیار کی معاشی ترقی کے فروغ میں چینی عزم سے عالمی معیشت کو مزید تحریک اور یقین ملے گا ۔ دو روزہ فورم میں شرکت کرنے والے عالمی کاروباری رہنماؤں کا خیال تھا کہ چین میں مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے محرکات بتدریج مضبوط ہو رہے ہیں ۔فورم میں اس رائے پر بات کی گئی اور اسے تسلیم کیا گیا کہ چین کے پاس بہترین بنیادی ڈھانچہ ،سرمایہ کاری کی طاقت،آبادی اور معیشت کا حجم ،ہنر مند افرادی قوت اور تعلیم سے آراستہ افراد ہیں اور یہ سب انتہائی مثبت عناصر ہیں جو چین کو عالمی معیشت کے لیے ترقی کا انجن بناتے رہیں گے ۔ کانفرنس کے شرکاء نے نوٹ کیا کہ چین کے اختراعی نتائج کا تیزی سے پھیلاؤ چینی مارکیٹ کی بے پناہ صلاحیت کی نشاندہی کرتا ہے ۔فورم میں شریک مالیاتی شعبو ں کے ماہرین نے کہا کہ اے آئی صنعت ، ای ویز ، بیٹری ٹیکنالوجی ، کلین ٹیک ، یا آب و ہوا کی تبدیلی سے متعلق ٹیکنالوجیز میں چین نے سرفہرست مقام حاصل کیا ہے ۔
چند ماہ قبل ہی ڈیپ سیک اختراع کے ساتھ دنیا نے دیکھا کہ ذہانت کے ذریعے دنیا اگلے درجے تک کیسے جا سکتی ہے لہذا ایک عام انسان کی رائے جانی جا ئے تو وہ یہی کہے گا کہ وہ ان مواقعوں کے بارے میں بہت پرجوش ہے جو مصنوعی ذہانت صارفین کو فراہم کرتی ہے ۔
چین نے فروری میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو مستحکم کرنے کے لیے 2025 کا ایکشن پلان جاری کیا ، جس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے 20 عملی اقدامات متعارف کرائے گئے ۔ پائلٹ منصوبوں کے آغاز کو بھی تیز کیا گیا ہے جس کا مقصد ویلیو ایڈڈ ٹیلی مواصلات ، بائیوٹیکنالوجی ، اور مکمل طور پر غیر ملکی مالی اعانت سے چلنے والے اسپتالوں جیسے شعبوں میں کھلے پن کو بڑھانا ہے ۔ اس حوالے سے بھی شرکاء کا کہنا تھا کہ چین کا کھلے پن کو جاری رکھنے کا عزم ایک مثبت اشارہ ہے کہ چین اعلی سطح پر کھلے پن کو فروغ دینا جاری رکھے گا جس سے عالمی منڈی میں مثبت رجحان پیدا ہو گا ۔
اس حقیقت کو ماننا ہو گا کہ کہ چین میں سرمایہ کاری کا ہمیشہ سے بڑھتا ہوا رجحان اس لئے ہے کیوں کہ یہاں ریاستی سطح پرسرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کی سہولیات کی لئے پالیسیوں کو وقت کے تقاضوں کے مطابق ڈھا لا جاتا ہے ۔ چینی حکومت ہر سطح پر غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار کاروباری ماحول پیدا کر رہی ہے اور اسی لئے سرمایہ کاروں کو اپنے فیصلوں پر اعتماد رہتا ہے ۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسرز اور ڈیوک کنشان یونیورسٹی کے ایگزیکٹو وائس چانسلر کے بیانات کے مطابق وہ چین کی معیشت کے بارے میں بہت پر امید ہیں اور چین کے مخصوص اقدامات پر مضبوطی سے قائم رہنے سے اس وقت عالمی معیشت میں اعتماد اور مستقل مزاجی فراہم ہو رہی ہے ۔ اگرچہ عالمی معاشی چیلنجوں ، خاص طور پر بڑھتے ہوئے محصولات اور افراط زر کے بارے میں خدشات ہیں ، لیکن فورم میں مجموعی طور پر سب کو ان رکاوٹوں کو دور کرنے کی چین کی صلاحیت پر اعتماد تھا ۔
فورم میں چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے اپنی تقریر میں چین میں کھپت کے حوالے سے ریاستی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کی معیشت میں مقامی کھپت بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی بیرونی سرمایہ کاری ۔چین کی معاشی ترقی میں ایک اہم محرک قوت چین کی خارجہ پالیسی نظر آتی ہے جہاں کسی بھی معاملے میں تصاد م کے بجائے مذاکرات اور دنیا کو توڑنے کی نہیں بلکہ جوڑنے کی کوشش نظر آتی ہے ۔عالمی معیشت کی مستحکم ترقی کے لیے ترقی کی رفتار جاری رکھنا ” کے موضوع کے تحت ، اس سال کے دو روزہ چائنا ڈولپمنٹ فورم میں 12 سمپوزیم اور کئی کلوز سیشنز شامل رہے جن میں صحت کی دیکھ بھال ، کھپت ، اے آئی اور پائیدار سپلائی چین جیسے موضوعات شامل تھے ۔