بیئر نکل فائٹنگ چیمپئن شپ کی دبئی میں پہلی بار تاریخی آمد
بیئر نکل فائٹنگ چیمپئن شپ کی تاریخی دبئی میں پہلی بار آمد
دبئی:
تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے کیونکہ دبئی پہلی بار دو روزہ بے حد سنسنی خیز اور پرتشدد فائٹنگ ایونٹ بیئر نکل فائٹنگ چیمپئن شپ (BKFC) کی میزبانی کرے گا۔ یہ تاریخی ایونٹ ورلڈ لیگ آف فائٹرز اور دبئی اسپورٹس کونسل کے اشتراک سے 4 اور 5 اپریل کو دبئی ڈیوٹی فری اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ اس ایونٹ میں دنیا کے 44 بہترین فائٹرز حصہ لیں گے جو اپنے ٹائٹل کے لیے ایک بھرپور اور زبردست مقابلہ کریں گے۔
معروف مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) لیجنڈ کونر میکگریگر بھی ایونٹ میں سرپرائز شرکت کریں گے، جس سے ایونٹ کا جوش و خروش مزید بڑھ جائے گا، تاہم ان کا کردار فی الحال راز میں رکھا گیا ہے۔ وی آئی پی ٹکٹ ہولڈرز کو خصوصی طور پر فائٹرز اور لیجنڈز سے ملاقات کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔
بیئر نکل فائٹنگ چیمپئن شپ کے بانی ڈیوڈ فیلڈمین کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ دنیا کے سب سے تیزی سے مقبول ہوتے ہوئے کھیل کے لیے ایک بڑا سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا،
"ہم بیئر نکل فائٹنگ کی بھرپور شدت اور خالص ایتھلیٹزم کو دنیا کے سب سے متحرک اسپورٹنگ مقام دبئی میں لا رہے ہیں۔ فائٹنگ کمیونٹی اور شائقین کی جانب سے زبردست ردعمل ملا ہے، اور ہمیں فخر ہے کہ ہم اپنے کھیل کو اس اعلیٰ سطح پر پیش کر رہے ہیں۔”
دبئی اسپورٹس کونسل نے بھی اس تاریخی ایونٹ کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا،
"بیئر نکل فائٹنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرنا دبئی کے عالمی سطح پر ایک بہترین فائٹنگ اسپورٹس مقام بننے کے وژن کے عین مطابق ہے۔ یہ ایونٹ مقامی اسپورٹس کے شائقین کو اس منفرد کھیل کو اعلیٰ ترین معیار پر دیکھنے کا شاندار موقع فراہم کرے گا۔”
اس تاریخی ایونٹ کے ٹکٹس 399 درہم سے شروع ہوں گے، جبکہ وی آئی پی پیکیجز بھی دستیاب ہوں گے۔ دبئی ڈیوٹی فری اسٹیڈیم کا انتخاب ناظرین کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ فائٹرز اور شائقین کے لیے بہترین حفاظتی اور آرام دہ ماحول فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
مزید برآں، چینل 4 (برطانیہ)، العربیہ (دبئی)، اور وولنا ریڈیو (روسی زبان ریڈیو) نے اس ایونٹ کی خصوصی ریڈیو براڈکاسٹنگ پارٹنرشپ حاصل کر لی ہے، جس کے ذریعے یہ ایونٹ امارات میں براہ راست نشر کیا جائے گا۔