بلوچستان کا مسئلہ سیاسی، نواز شریف آگے آئیں اہل سیاست ان کیساتھ ہونگے: چودھری شجاعت
لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے، نواز شریف آگے آئیں اہل سیاست ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عید کے بعد نواز شریف کے پاس جاتی امرا جاؤں گا، بلوچ لیڈرشپ کو اعتماد میں لے کر مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی حکومت میں بلوچ لیڈر شپ پر اعتماد کیا تھا، دہشت گردی کے خلاف فوج کا کردار ڈھکا چھپا نہیں، قومی قیادت کو ان کے پیچھے کھڑا ہونا ہو گا۔
شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ فوج قومی ہے، قوم اس کی پشت پر کھڑی ہے، دشمن کے عزائم ڈھکے چھپے نھیں ہم آنکھیں کھولنے کو کیوں تیار نہیں، دشمن بلوچستان کی معاشی اہمیت سے واقف ہے اسی لیے ٹارگٹ کر رہا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے لئے روزی روٹی حکومت کی ترجیح ہونی چاہئے، سیاست میں دشمنی کا رحجان ختم ہونا چاہئے۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سیاستدانوں کے سر جوڑے بغیر سیاسی تناؤ ختم نہیں ہو گا، دہشت گردی کے خلاف اپوزیشن سے بات کرنا ہو گی۔