خواتین کی معاشی ترقی میں بھرپور شرکت خوش آئند ہے، میاں اکرم فرید
اسلام آباد: سابق صدر، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) ، چئیرمین سینٹرل ایمپلائر فیڈریشن آف پاکستان میاں اکرم فرید نے پاکستانی خواتین کی ملکی کاروباری سرگرمیوں میں فعال حصہ لینے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی آبادی کا تقریبا نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور ہمیں ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے تاکہ یہ ملکی معیشت کے استحکام میں مزید تندہی سے حصہ لیں۔ حکومت نے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز (ایس ایم ایز) میں خواتین کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کے لئے خصوصی فنڈز مختص کئے ہیں ۔ یہ بات انھوں نے اسلام آباد وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کی طرف سے منعقد افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وویمن چیمبر کی بانی صدر ثمینہ فاضل نے مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہتے ہوئے انھوں نے چیمبر کی کارکردگی پیش کی اور خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے بارے میں چیمبر کی خدمات کا ذکر کیا۔ مہمان خصوصی سابق وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی کشمالہ طارق نے وویمن چیمبر کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں اس چیمبر کا حصہ ہوں ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین اپنی قابلیت میں کسی سے کم نہیں اور آج نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون پاکستان بھی ہماری خواتین اپنی قابلیت کے جھنڈے گاڑ رہی ہیں۔ حکومت پاکستان خواتین کی ترقی کے لئے پرجوش ہے اور خواتین کو چاہئے کہ کاروباری سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر اور تقریب کے مہمان اعزازی ناصر قریشی نے اسلام آباد وویمن چیمبر کو خواتین کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی آئی ہمیشہ سے خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا پرجوش حامی ہے اور ہم اپنی خواتین ممبران کی انکی کاروبار میں ترقی کے لئے مدد کرتے ہیں۔ انھوں نے آئی سی سی آئی کے زیر اہتمام بیرون ملک ہونے والی کاروباری نمائش کے وفود میں خواتین کو شمولیت کی دعوت بھی دی۔ اس تقریب میں اسلام آباد وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کی سینئر نائب صدر شمائلہ ناز، نائب صدر رابعہ فرحان ، سابق صدر نائمہ انصاری و دیگر اعلی عہدیداران اور ممبران نے بھرپور شرکت کی۔