امریکی نائب صدر وانس کا 28 مارچ کو گرین لینڈ کا دورہ کرنے کا اعلان
واشنگٹن : امریکی نائب صدر وانس نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو خطاب میں کہا کہ وہ 28 مارچ کو اپنی اہلیہ اوشا وانس کے ساتھ گرین لینڈ کا دورہ کریں گے تاکہ وہاں تعینات امریکی فوجیوں سے ملاقات کریں اور گرین لینڈ کی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق، امریکی صدر کے قومی سلامتی کے مشیر والٹز اور توانائی کے وزیر رائٹ بھی اس دورے میں شریک ہوں گے۔
ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈرکسن نے 25 مارچ کو ڈنمارک براڈکاسٹنگ کارپوریشن کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکی نائب صدر کی اہلیہ اور متعدد اہلکاروں کا گرین لینڈ کا یہ دورہ "ناقابل قبول دباؤ” ہے، اور ڈنمارک حکومت اس کی سختی سے مزاحمت کرے گی۔ گرین لینڈ کے خوداختیار حکومت کے وزیراعظم ایگیڈ نے 23 مارچ کی رات میڈیا کو بتایا کہ اوشا وانس اور دیگر افراد کو کسی بھی ملاقات کی دعوت نہیں دی گئی تھی۔ ایگیڈ نے امریکی حکومت کے اس اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ دباؤ اوراشتعال انگیزی ہے اور "بہت جارحانہ” ہے۔ امریکہ کے پاس اس وقت گرین لینڈ میں ایک بڑا فوجی اڈا موجود ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کئی بار گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کی شدید خواہش کا اظہار کیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ وہ فوجی یا معاشی دباؤ کے ذریعے اس جزیرے پر قبضہ کرنے کے امکانات کو مسترد نہیں کرتے۔