امریکی محکمہ خارجہ کا وینزویلا سے تیل درآمد کرنے والےتمام ممالک پر محصولات اور پابندیوں کا اعلان
واشنگٹن :امریکی محکمہ خارجہ نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے وینزویلا کے تیل کی درآمد کرنے والے ممالک پر محصولات عائد کرنے پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کسی تیسرے ملک یا اس کی تیل کمپنیوں کو وینزویلا کے ساتھ تیل اور تیل سے متعلق مصنوعات کی پیداوار، حصول یا برآمد کو برداشت نہیں کرے گا اور جو بھی ملک اپنی کمپنیوں کو وینزویلا سے تیل کی پیداوار، تیل نکالنے یا برآمد کرنے کی اجازت دے گا، اسے امریکا کی جانب سے نئے محصولات کا سامنا کرنا ہوگا اور کوئی بھی متعلقہ کمپنی پابندیوں کا شکار ہوگی۔
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے 24 تاریخ کو وینزویلا سے تیل درآمد کرنے والے ممالک پر "ٹیرف پابندیاں” عائد کرنے کے ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کیے، جس کے مطابق 2 اپریل سے امریکہ وینزویلا سے براہ راست یا بالواسطہ طور پر تیل درآمد کرنے والے کسی بھی ملک سے درآمد کی جانے والی تمام اشیا پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرسکتا ہے۔ یہ حکم نامہ امریکی وزیر خارجہ کو یہ فیصلہ کرنے کا اختیار دیتا ہے کہ آیا 2 اپریل کو یا اس کے بعد وینزویلا سے براہ راست یا بالواسطہ طور پر تیل درآمد کرنے والے کسی بھی ملک کی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے یا نہیں۔